عظمیٰ ویب ڈیسک
مینڈھر// سیکورٹی فورسز نے راجوری اور پونچھ اضلاع کے جنگلاتی علاقوں میں مشتبہ جنگجووں کا صفایا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ہے اور اس دوران تین افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک راجوری کے بدھل، تھنہ منڈی، سندر بنی، اور کالاکوٹ اور پونچھ کے مینڈھر کے مختلف حصوں میں پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ تلاشی کارروائیاں جاری تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار کی شام بدھل میں بروٹ سے تین افراد کو پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کی صبح سے مراد پور، بٹونی، گھائی بھاول (سندربنی)، کالاکوٹ میں تتہ پانی بروہ، منجاکوٹ میں گھمبیر مغلاں، اور راجوری میں راجدھانی-تھنہ منڈی میں تلاشی کاروائیاں جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز پونچھ ضلع کے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب گورسائی، جڑان والی گلی، سڑوتی اور اڑی گاو¿ں میں بھی کومبنگ آپریشن میں مصروف ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائیاں جنگلاتی علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت سے متعلق اطلاعات کے بعد شروع کی گئیں ہیں۔
جڑواں سرحدی اضلاع میں 22 اور 23 نومبر کو راجوری کے دھرمسال بیلٹ کے باجی مال علاقے میں تصادم کے بعد تلاشی کا عمل تیز کر دیا گیا تھا اس تصادم میں دو کیپٹن سمیت پانچ فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
اسی دوران لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) تنظیم سے وابستہ دو پاکستانی دہشت گردوں کو 36 گھنٹے طویل انکاﺅنٹر میں مار گرایا گیا تھا۔
2 دسمبر کو ایسی ہی ایک کارروائی میں، سیکورٹی فورسز نے درہال کے علاقے ٹوپا ہل ٹوک میں 5 کلو گرام دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس بر آمد کر کے تباہ کر دیا تھا۔