جموں// کٹھوعہ ضلع میں بدھ کی صبح جموں-پٹھانکوٹ شاہراہ پر دو گاڑیوں کے درمیان ہوئی ٹکر میں کم از کم سولہ مزدور زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے لوگیٹ موڑ پر ایک پک اپ مہندرا ٹرک کو مبینہ طور پر تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 16 مزدور زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔
ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا،”زخمیوں میں ایک حاملہ خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بچہ بری طرح زخمی ہوا ہے“۔
ذرائع نے بتایا، ”مہندرا پک اپ ٹرک جس میں تعمیراتی مواد کی پکسر مشین تھی، مزدوروں کے ساتھ تعمیراتی کام کی جگہ پر جا رہا تھا، جب ٹرک نے اسے ٹکر مار دی“۔
زخمیوں کو نکال کر ضلع ہسپتال کٹھوعہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ادھر، پولیس نے معاملے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔