عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ہفتہ کو کہا ہے کہ وادی میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر حکومت نے کشمیر ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 23 جون سے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا، کشمیر میں موسمی حالات طلباء کے لیے ناقابل برداشت ہو چکے ہیں اور شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر حکومت نے 23 جون سے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعطیلات کے اختتام کے بعد موسمی حالات کا جائزہ لے کر اس میں توسیع سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔
ایتو نے بتایا کہ اس سے قبل محکمہ تعلیم نے یکم جولائی سے 10 جولائی تک گرمیوں کی چھٹیاں رکھنے کی تجویز دی تھی، لیکن شدید گرمی کی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے اب 15 روزہ تعطیلات 23 جون سے دی جا رہی ہیں۔
اس سے پہلے وزیر تعلیم نے اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کا بھی اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ہفتہ سے سرینگر میونسپل حدود کے اندر آنے والے اسکولوں کا وقت صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوگا، جب کہ سرینگر میونسپلٹی کے باہر والے اسکولوں کا وقت صبح 8:30 سے دوپہر 1:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
کشمیر صوبہ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 23جون سے 15روزہ گرمائی تعطیلات کا اعلان
