عظمیٰ ویب ڈیسک
پٹنہ/بہار میں پولنگ کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پہلے دو گھنٹے میں صبح 9 بجے تک 14.55 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ریاستی الیکشن آفس کے مطابق دوسرے اور آخری مرحلے میں 20 اضلاع کے 122 اسمبلی حلقوں میں منگل کی صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی۔ پہلے دو گھنٹوں میں یعنی صبح 9 بجے تک 14.55 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس دوران گیا ضلع میں سب سے زیادہ 15.97 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ مدھوبنی ضلع میں سب سے کم 13.25 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
ضلع مغربی چمپارن میں 15.04 فیصد، مشرقی چمپارن ضلع میں 14.11 فیصد، ضلع شیوہر میں 13.94 فیصد، ضلع سیتامڑھی میں 13.49 فیصد، سپول ضلع میں 14.85 فیصد، ارریہ ضلع میں 15.34، کشن گنج میں 15.81، پورنیہ ضلع میں 15.54، ضلع کٹیہار میں 13.77، بھاگلپور ضلع میں 13.43 فیصد، ضلع بانکا میں 15.14، ضلع کیمور میں 15.08، ضلع روہتاس میں 14.16، اروال ضلع میں 14.95، جہان آباد ضلع میں 13.81، ضلع اورنگ آباد میں 15.43 فیصد، ضلع نوادہ میں 13.46 اور ضلع جموئی ضلع میں 15.77 فیصد ووٹنگ کی اطلاعات ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کے عوام سے بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، “بہار اسمبلی انتخابات میں آج ووٹنگ کا دوسرا اور آخری مرحلہ ہے۔ میں تمام ووٹروں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ جوش و خروش سے حصہ لیں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ بنائیں۔ میں خاص طور پر ریاست میں اپنے نوجوان دوستوں سے درخواست کرتا ہوں جو پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں، وہ نہ صرف خود ووٹ ڈالیں بلکہ دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔”
دریں اثناء بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لوگوں سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ”جمہوریت میں ووٹ دینا نہ صرف ہمارا حق ہے بلکہ ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا، “آج بہار اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ ہو رہا ہے۔ تمام ووٹروں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ ووٹ دیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔ ہر ایک سے درخواست ہے کہ پہلے ووٹ، پھر ناشتہ ۔” مغربی چمپارن ضلع میں بیتیہ میں بوتھ نمبر 71 پر بی جے پی ایم پی سنجے جیسوال نے اہل خانہ کے ساتھ ووٹ ڈالا۔
بہار اسمبلی انتخابات کو لے کر معذور ووٹروں میں بھی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ بصارت سے محروم شخص جمال حسین نے کٹیہار ضلع کے میرچائی باڑی میں پنک پولنگ اسٹیشن نمبر 94 پر اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ دیکھ نہیں سکتے تو بھی ترقی کی امید میں ووٹ دینے آئے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ معاشرہ ترقی کرے اور حکومت معذوروں کے مفاد میں بھی مناسب اقدامات کرے۔مدھوبنی ضلع کے لوکہا اسمبلی حلقہ کے برہموترہ گاؤں میں بوتھ نمبر 40 پر ای وی ایم میں خرابی کی وجہ سے صبح تقریباً 30 منٹ تک ووٹنگ میں خلل پڑا۔ اس کے بعد ووٹنگ شروع ہوئی۔دوسرے اور آخری مرحلے میں 136 خواتین اور 1165 مرد امیدواروں اور ایک دیگر سمیت کل 1302 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کے حوالے سے ووٹرز میں جوش و خروش واضح نظر آرہا ہے اور لوگ صبح سے ہی گھروں سے نکل کر پولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔
بہارمیں دوسرے اور آخری مرحلے میں پہلے دو گھنٹے میں 14.55 فیصد ووٹنگ