عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/غیر قانونی کان کنی اور معدنی مواد کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں پولیس نے ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی طور پر معدنی مواد کی کھدائی اور نقل و حمل میں ملوث 11 گاڑیوں کو ضبط کیا ہے۔ضبط شدہ گاڑیوں میں 4 ڈمپر اور 7 ٹریکٹر ٹرالیاں شامل ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے ایک خصوصی مہم کے دوران غیر قانونی کان کنی کی سر گرمیوں پر قابو پانے کے لئے اہم مقامات پر سخت چیکنگ کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن پونچھ نے اس دوران 3 ڈمپر اور 7 ٹریکٹر ٹرالیاں ضبط کیں جو بغیر کسی جائز اجازت نامے یا دستاویزات کے معدنی مواد منتقل کر رہی تھیں۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن گرسائی نے بھی اسی نوعیت کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ایک ڈمپر کو ضبط کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تمام گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ معدنیات کو بھی مزید قانونی کارروائی کرنے کے لئے مطلع کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پونچھ پولیس غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
پونچھ میں غیر قانونی طور پر معدنی مواد کی کھدائی اور نقل و حمل میں ملوث 11 گاڑیاں ضبط: پولیس
