سرینگر میں 3ہائبرڈ ملی ٹینٹ گرفتار،10 کلوگرام آئی ای ڈی برآمد:پولیس

Mazar Khan
2 Min Read

سری نگر// پولیس اور سیکورٹی فورسز نے منگل کو تین ہائبرڈ جنگجووں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے 10کلو وزنی آئی ای ڈی اور 2دستی گرینیڈ برآمد کرکے ایک سانحہ ٹالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے 2 ہائبرڈ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عامر مشتاق ڈار ولد مشتاق احمد ڈار سکنہ اقبال آباد بڈگام اور کابل رشید ولد عبدالرشید ڈار ایچ ایم ٹی سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ دونوں افراد ایک ناکے کے دوران گرفتار کئے گئے ہیں۔
اُ نہوں نے بتایا ،”ان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔ گرفتار جنگجووں نے اپنے ایک اور ساتھی عاقب جمال بھٹ ولد محمد جمال بھٹ سکنہ بڈگام کے بھی اس جرم میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا جسے بھی گرفتار کر لیا گیا اور ابتدائی جانچ کے دوران اس کے قبضے سے آئی ای ڈی برآمد کیا گیا۔ سرینگر پولیس اور 62 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے اس کے انکشاف پرپر رنگریٹ میں تقریباً 10 کلو گرام کا آئی ای ڈی برآمد کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس معاملات میں یو اے پی اے، دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ چنپورہ میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 69/2022 درج کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ تینوں افراد لشکر طیبہ/TRF سے وابستہ ہیں۔

Share This Article