عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر، انشول گرگ، نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ دس دنوں میںوادی سے 1.37 لاکھ میٹرک ٹن تازہ جموں سرینگر قومی شاہراہ ، مغل روڈ اور پارسل ٹرین سروس کے ذریعے روانہ کیے گئے ہیں۔اپنے دفتر میں منتخب میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، انشول گرگ نے کہا کہ حال ہی میں چیف سیکریٹری کی ہدایت اور ضلعی انتظامیہ، بی آر او، ٹریفک اور نیشنل ہائی وے حکام کے تعاون سے ایک اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) بنایا گیا تاکہ تازہ پھل اور ضروری اشیاء کی نقل و حمل کو منظم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا، “ہر روز تقریباً1,500سے 2,000 پھلوں کے ٹرک وادی میں جمع ہوتے ہیں۔ یہ ٹرک متبادل بنیادوں پر جموں سرینگر شاہراہ اور مغل روڈ کے ذریعے جموں روانہ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس اس نظام کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ کی بحالی کے جاری کام کے ساتھ، گاڑیوں کی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔جہاں پہلے روزانہ تقریبا1,500سے 2,000 ٹرک چلتے تھے، اب3ہزار سے 4ہزارٹرک چل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا آج ہی تقریباً 2,000 ٹرک قاضی گنڈ سے جموں کے لیے روانہ ہوئے ہیں اور شام تک وہاں پہنچنے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مغل روڈ پر گزشتہ روز تقریباً18سوسے 19سو ٹرک جموں کی جانب روانہ کئے گئے ہیں تاکہ پھلوں کی ترجیحی روانگی کے ذریعے کسانوں کی فکر کی کم کیا جا سکے انھوں نے کہا کہ اننت ناگ اور بارہمولہ سے آدرش نگر، نئی دہلی تک نئی پارسل ٹرین سروس بھی فعال ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا، روزانہ تقریباً 800سے1,000 ٹن تازہ پھل اس سروس کے ذریعے روانہ کیے جا رہے ہیں۔ اب شمالی اور جنوبی کشمیر کے کسان براہِ راست اپنے پیداوار کی ترسیل کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ضروری اشیاء کے حوالے سے گرگ نے کہا کہ وادی میں پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی، خوراک یا صارفین کی اشیاء کی کمی نہیں ہے۔ “ہمارے پاس ایک ہفتے کے لیے ایندھن اور خوراک کا مکمل اسٹاک موجود ہے۔ اسٹاک کو باقاعدگی سے بڑھایا جائے گا۔ عوام سے درخواست ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور نہ گھبرائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے موسم کے حالات مستحکم رہیں گے اور شاہراہ کی بحالی کے کام جاری رہیں گے، آنے والے دنوں میں ضروری اشیاء کا وافر اسٹاک ذخیرہ کیا جائے گا ۔
دس روز میں 1.37 لاکھ میٹرک ٹن تازہ پھل وادی سے جموں و دیگر منڈیوں کی جانب روانہ : صوبائی کمیشنر کشمیر
