سری نگر//جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے گدود باغ حبہ کدل میں شبانہ آتشزدگی کی واردات کے دوران نصف درجن کے قریب رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا وہیں فائر فائٹر بھی زخمی ہوا۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے مطابق جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر بشیر احمد شاہ کی سربراہی میں ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور 14فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے گدود باغ کرالہ کھڈ حبہ کدل میں جمعے شام دیر گئے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید پانچ مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے نصف درجن کے قریب مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا جس کے ساتھ ہی علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرچہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران 7 مکانوں کو نقصان پہنچا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردوکو بتایا کہ جمعے رات نو بجکر 30منٹ پر گدود باغ حبہ کدل میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر بشیراحمد شاہ کی سربراہی میں محکمہ کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
انہوں نے بتایا کہ گنجان آبادی ہونے کے باوجود بھی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر آگ پر قابوپایا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران چار سے چھ رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا، اس دوران ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ 14فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ہے۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار سے 7 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا تاہم اس میں مزید اضافہ کا بھی امکان ہے۔
کرالہ کھڈ حبہ کدل میں بھیانک آتشزدگی، 7 مکان خاکستر، فائر فائٹر زخمی
