عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// کشمیر کی خصوصی تفتیشی ایجنسی (SIA) نے ایک اوور گراؤنڈ ورکرکو گرفتار کرکے ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کی شناخت الطاف حسین وگے کے نام سے ہوئی ہے، جو ملی ٹینٹ تنظیم حزب المجاہدین کے سلیپر سیل کے طور پر کام کر رہا تھا۔
ایک بیان میں کہا گیا کہ انتھک کوششوں کے بعد ایس آئی اے کشمیر نے ایک ملی ٹینٹ معاونت کار الطاف حسین وگے ولد غلام محی الدین وگے ساکن ربن گنڈ بہرام شوپیان کو گرفتار کرکے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے جو ملی ٹینٹ تنظیم حزب المجاہدین کے لیے سلیپر سیل کے طور پر کام کرتا تھا۔
یہ گرفتاری ایف آئی آر نمبر 01/2025 کے تحت پولیس اسٹیشن CI/SIA کشمیر کی 13, 18, 18-B, 38, 39 میں جاری تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر کی گئی ہے۔ تحقیقات کے دوران، ایس آئی اے کشمیر نے ایسے شواہد پیش کیے ہیں جو گرفتار ملزم کا تعلق ایچ ایم سے تعلق رکھنے والے ایک ملی ٹینٹ ہینڈلر سے ثابت کرتے ہیں جو کہ جس کے کہنے پر او جی ڈبلیو ملی ٹینسی کی سازش میں سرگرم عمل ہو کر، بھارت مخالف بیانیہ کو پھیلانے اور آگے بڑھا کر ملی ٹینسی ، غیر قانونی اور ملک دشمن سرگرمیوں کو منظم کر رہا تھا۔
ان کی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف ہندوستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنا تھا بلکہ بے اطمینانی، عوامی انتشار اور فرقہ وارانہ منافرت کو بھڑکانا بھی تھا.