جموں//ریاستی حکومت نے ایس ایس اے کے تحت آنے والے ریگولر رائزڈ رہبر تعلیم اساتذہ اور ہیڈ ٹیچروں کی نومبر اور دسمبر 2016 ء مہینوں کی التوأمیں پڑی تنخواہیں واگذار کی ہیںاور باقی ماندہ واجبات کو وعدے کے مطابق 30؍ اپریل 2017ء تک کلیئر کیا جائے گا۔ان اساتذہ کی تنخواہیں اکتوبر 2016ء سے بند تھیںاور اس کے لئے رقومات مرکزی اور ریاستی سرکاریں 10:90 فیصد کے تناسب سے فراہم کرتی ہے ۔ریاستی حکومت نے باقاعدہ رہبر تعلیم اساتذہ اور باقاعدہ ہونے والے رہبر تعلیم اساتذہ کی تنخواہوں کا حصہ پہلے ہی واگذار کیا ہے تاہم انسانی وسائل کو فروغ دینے کی مرکزی وزارت کی طرف سے مرکزی حصے کی سالانہ رقم واگذار نہ کرنے سے ان اساتذہ کی تنخواہیں واگذار کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ دومہینوں کی تنخواہ کی رقم واگذار کی گئی ہے اور اس سے چند دنوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ باقی ماندہ تنخواہیں مستقبل قریب میں واگذار کی جائیں گی۔وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ ایس ایس اے کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کو تنخواہوں کی وقت پر ادائیگی نہ ہونا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور حکومت اس معاملے کو ہمیشہ کے لئے حل کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا ئے گی۔