سرینگر//گیسو تراشی کے خلاف مزاحمتی قیادت نے 9اکتوبر بروزسوموارکشمیر بند کی کال دی ہے ۔ سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں وادی میں گیسو تراشی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو خوف زدہ کرنا ایجنسیوں کی کارستانی ہے ۔انہوں نے گیسو تراشی کے بڑھتے تشویشناک واقعات کے خلاف9اکتوبر کشمیر بند کی کال دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت کشمیری خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ خواتین کو خوف میں مبتلاء کرنے کی سازشوں کے خلاف سوموار کو مکمل کشمیر بند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس طرح کی سازشوں سے اپنے حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبر دار نہیں ہونگے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس نازک موڑ پر متحد د ہوکر سازشی کارستانیوں کا مقابلہ کریں ۔