سرینگر//ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں قومی شاہراہ پر ٹریفک میں آئے دن خلل پڑنے کے پیش نظر ایل پی جی،ڈیزل،پیٹرول اوردیگر پٹرولیم منصوعات کی فاسٹ ٹریک ٹرانسپورٹیشن کے ذرائع کو وسعت دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کاجائز ہ لیا۔اے ڈی سی کے۔ کے۔ سدھا،ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک،رسدات وامور صارفین ظہور احمد،ایچ پی سی ایل ،بی پی سی ایل،آئی او سی ایل اورڈسٹریبیوٹروں کے ہیڈس نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ وادی کے لئے ڈیفنس ،انسٹیچویشنل اورسولین سپلائز کے لئے 1500ٹرکوں اور ٹینکروں کو بروئے کار لایا جارہا ہے جب کہ تیل کمپنیوں کی طرف سے وادی میں ایندھن کی فراہمی کے لئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں کیونکہ 830ٹرک اور ٹینکر سپلائی چین پر درماندہ ہیں۔میٹنگ کے دوران یہ جانکاری دی گئی ایندھن اورایل پی جی سے بھرے ایک سو ٹرک اورٹینکر سپلائی کے لئے کلیئر کئے جاچکے ہیں۔جب کہ مگرکوٹ میں درماندہ 250ٹینکر آج منزل مقصود کی طرف روانہ ہورہے ہیں۔