یو این آئی
نئی دہلی//سیمنٹ، کوئلہ اور اسٹیل کے شعبوں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ملک کی آٹھ بڑی صنعتوں نے ایک سال پہلے کے مقابلے نومبر 2024 میں مشترکہ پیداواری اشاریہ میں 4.3 فیصد کا اضافہ درج کیا ہے ۔ یہ اطلاع منگل کو وزارت تجارت اور صنعت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں دی گئی ہے ۔وزارت تجارت اور صنعت نے اکتوبر 2024 کے لیے ان کلیدی صنعتوں کے پیداواری اعداد و شمار پر نظر ثانی کی اور اس مہینے کے لیے ترقی کے پہلے تخمینہ کو 3.1 فیصد سے بڑھا کر 3.7 فیصد کر دیا۔ اپریل تا نومبر 2024-25 کے دوران ان آٹھ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں پچھلے مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ آٹھ صنعتیں ملک کی کل صنعتی پیداوار میں تقریباً 40 فیصد حصہ ڈالتی ہیں۔ ریلیز کے مطابق نومبر کے اعداد و شمار میں سیمنٹ سیکٹر کا بڑا حصہ ہے ۔ سیمنٹ کی پیداوار میں 13 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ ایک سال سے زائد عرصے میں سیمنٹ سیکٹر کی پیداوار میں سب سے بڑی چھلانگ ہے ۔ ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر انڈیکس آف کور انڈسٹریز (آئی سی آئی) اکتوبر کی سطح سے 3.3 فیصد نیچے 156.8 پر آیا، آٹھ میں سے چھ شعبوں نے پیداوار میں کمی ریکارڈ کی۔ ریفائنری مصنوعات اور کوئلہ واحد شعبے تھے جنہوں نے مطلق پیداوار کی سطح میں اضافہ دیکھا، جو بالترتیب چار ماہ اور آٹھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ۔ سال بہ سال کی بنیاد پر خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں بالترتیب 2.1 فیصد اور 1.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ خام تیل کی پیداوار میں مسلسل سات ماہ اور گیس کی پیداوار میں مسلسل پانچویں ماہ کمی ہوئی۔ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں اس سال نومبر میں بجلی کی پیداوار میں 3.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں اسٹیل کی پیداوار میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا۔ اس عرصے کے دوران کھاد کی پیداوار میں سال بہ سال 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ریفائنری مصنوعات کی پیداوار میں 2.9 فیصد اور کوئلے کی پیداوار میں 7.5 فیصد اضافہ ہوا۔ اگست 2024 کے حتمی اعداد و شمار کے مطابق اس مہینے میں سالانہ بنیادوں پر ان بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔