سرینگر //مزاحمتی قیادت کی جانب سے آج جمعہ کوہڑتال اور نماز کے بعد اقوام متحدہ چلو کی کال دینے کے بعد انتظامیہ نے شہر سرینگر کے 8پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خانیار ، نوہٹہ ، رعناواری ، مہاراج گنج ، صفا کدل ، مائسمہ ، کرالہ کھڈ اور رام منشی باغ پولیس تھانوں کے تحت آ نے والے علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ رہیں گے اور اس دوران کسی کو بھی اقوام متحدہ دفتر واقع سونہ وار کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر فاروق احمد لون نے کہاکہ امن و امان کو بنائے رکھنے کیلئے شہر سرینگر کے آٹھ پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں دفعہ 144سختی کے ساتھ نافذ رہے گا اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ دریں اثنا شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر کے کچھ حساس علاقوں میں بھی امتناعی احکامات نافذ رکھنے کے ضمن میں متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو آگاہ کیا گیا ہے۔