سرینگر//حریت(ع)،لبریشن فرنٹ، فریڈم پارٹی،نیشنل فرنٹ،تحریک مزاحت ،انجمن شرعی شیعیان ،ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ،ووئس آف وکٹمز،پیپلز لیگ، اسلامک پولٹیکل پارٹی ، پیروان ولایت،لبریشن فرنٹ (آر) اور پیپلز مومنٹ نے اتوار کوالیکشن بائیکاٹ کے دوران جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہند مسئلہ کشمیر کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کے بجائے فوجی قوت کے بل پر حل کرنے کی اپنی جارحانہ پالیسیوں پر گامزن ہے جوبے حد افسوسناک ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے جاں بحق ہوئے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش ہمارے ہیرو ہیں، جوقوم کے لیے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں گیلانی نے کہا ’’ہم ان کی جرأت اور جذبۂ آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرکے اپنے انعامات اور اعزازات سے نوازے‘‘۔ انہوں نے مہلوکین کے لوحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسند قیادت اور پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اوردعا گو ہے کہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے اور نعیم البدل سے نوازے۔ گیلانی نے کہا ’’یہ واقعات ہماری جدوجہدِ آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ ہماری تاریخ کے وہ درخشندہ ستارے ہیں، جو رہتی دنیا تک تاریخ کے صفحات میں محفوظ ہوگئے ہیں‘‘۔حریت (ع)کے محبوس چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ گولیوں اور پیلٹ کی جو برسات ہم پر کی جارہی ہے اور ہمارے نوجوانوںکو چُن چُن کر جس بے دردی اور بے رحمی کے ساتھ ہلاک کیا جارہا ہے ہم لاکھ اُس کی مذمت کریں لیکن بھارت طاقت کے نشے میں چُور ہماری نسل کُشی پر جس طرح عمل پیرا ہے اس سے اُنکے جارحانہ طرز عمل پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا‘۔ میرواعظ نے کہا کہ حکومت ہند مسئلہ کشمیر کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کے بجائے فوجی قوت کے بل پر حل کرنے کی اپنی جارحانہ پالیسیوں پر گامزن ہے جو بیحد افسوسناک ہے۔ میرواعظ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے والدین اور لواحقین کے ساتھ تعزیت پیش کی اور کہا کہ پوری قیادت اور قوم اُن کی پشت پر کھڑی ہے ۔میرواعظ نے سینکڑوں افراد کو شدید زخمی کرد ینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی۔ میرواعظ نے کہا کہ پوری کشمیری قوم فورسز کے درمیان محصور ہے اور جن قوتوں نے ہمیں محصور کر رکھا ہے اُن سے اور اُن کے مقامی حواریوں سے کسی بھی طرح کی انسانیت اور اخلاق کی اُمید نہیں اور کشمیر میں جو قتل عام جاری ہے اس سے پی ڈی پی اور بھارت نواز جماعتیں اپنا دامن نہیں بچا سکتی ہیں اور وہ اخلاقی طور پر دیوالیہ کا شکار ہو گئی ہیں، انہیں اس بات کیلئے کوئی شرمندگی اور پشیمانی نہیں ہے اور وہ کشمیری عوام کے دُکھ درد سے قطعی طور پر لاتعلق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فوجی دھونس اور دبائو کے باوجود کشمیری عوام نے ایک بار پھر تحریک آزادی کے تئیں جس بھر پور استقامت اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کیلئے چشم کشا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کا مقصد صرف اور صرف حق خوداردیت کا حصول ہے اور بھارت کا کوئی بھی عمل جو وہ جموںوکشمیر کو اپنے ساتھ ملانے کیلئے کرے گا اس میں وہ ہرگز کامیا ب نہیں ہوگا اور کشمیری عوام اُسے ہر قیمت پر مسترد کریں گے ۔دریںاثنا میرواعظ کی ہدایت پر ایک وفد جس میں محمد شفیع خان، ڈاکٹر عمر، ایڈوکیٹ بشیر احمد، ایڈوکیٹ شیخ یاسر اور خورشید احمد شامل تھے، نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جاکر زخمی کئے گئے افراد کی مزاج پرسی کی۔لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ مثالی بائیکاٹ کشمیریوں کا واضح اعلان ہے۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی5 فیصد والی کہانی ایک واضح تصحیح کے ساتھ سچ ثابت ہوئی ہے اور واضح ہوگیا ہے کہ کشمیر میں 5فیصد لوگ بھی بھارت اور اسکے حکام کے ساتھ نہیں ہیں۔یاسین ملک نے فورسز اور پولیس کی جانب سے کئے گئے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے حکمران، ان کے ریاستی حکمران، فورسز اور پولیس ظلم و جبر اور قتل و غارت گری کے بل پر کشمیریوں کو سرنگوں نہ کرپائے ہیں اورنہ ہی کرپائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 70برس کی تاریخ بالعموم اور تین دہایئوں کی تاریخ بالخصوص اس بات کی شاہد ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے ظلم، جبر اور دھونس دبائو سے خائف ہوئے بناء اپنی تحریک آزادی کو جاری رکھا ہوا ہے اور کسی بھی حال میں سرنگوں نہیں کیا ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ جس انداز سے گزشتہ روزمعصوم جوانوں کو ٹارگٹ بنا کر قتل اور زخمی کیا اور پھر مقتولین کو ہی مورد الزام ٹھہرایا گیا وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ لوگ ہر قسم کی اخلاقیات اور انسانی حس سے عاری ہوچکے ہیں اور ہوس اقتدار میںانہیں کشمیریوں کے لہو کی لت لگ چکی ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ ہزاروں معصوم جوانوں اور بزرگوں کو زندان میں بند رکھنے اور سخت قسم کی رکاوٹیں اور قدغنیں یہاں تک کہ انٹرنیٹ کی سہولیات بھی ختم کردی گئیں لیکن ان گرفتاریوں اورمظالم کے باوجود کشمیریوں نے اپنی قربانیوں کے تئیں عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز اس الیکشن کا جس انداز میں مکمل بائیکاٹ کیا وہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ کشمیری صرف اور صرف بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔درایں اثناء لبریشن فرنٹ کے ضلع صدر محمد اسحاق گنائی کی قیادت میں ایک وفد نے پیر کوبھی اسلام آباد میں الیکشن بائیکاٹ مہم جاری رکھی ۔لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال، زونل سینئر نائب صدر محمد یاسین بٹ اور قائد ظہور احمد بٹ نے شہر کے مختلف ہسپتالوں میںزخمیوں کی خبر گیری کی۔ فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے 8معصوموں کی ہلاکت کو چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر کے لوگ انتخابی عمل کا حصہ بن کر ان کے خون کو رائیگاںنہ ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے لئے وسطی کشمیر کے عوام نے جو راہ دکھلائی ،وہ اس بات کا مظہر ہے کہ غلام قومیں اس طرح کے انتخابات کو ٹھکراکر دنیا تک یہ پیغام پہنچادیں کہ حکمران طبقہ اور دیگر بھارت نواز تنظیمیں صرف قتل و غارت گری کے فن سے واقف ہیں ۔شبیر احمد شاہ نے جاں بحق ہوئے افرادکو خراج عقیدت اداکرتے ہوئے اسے انتہائی بہیمانہ اور دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ان کے لواحقین کو یقین دلایا کہ’ ہم ان شہداء کے مشن کو کبھی بھی بھول نہیں سکتے ‘۔انہوں نے وسطی کشمیر میں فائرنگ اور پیلٹ کے استعمال کو حکمران طبقے کے لئے ایک بدنما داغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8معصوموں کی ہلاکت کے بعد انہیں قوم کو ترقی و تعمیر کے خواب دکھانے کا کوئی حق نہیں ۔ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرکے دنیا کو یہ پیغام بھیجا کہ ہماری جدوجہد اقتدار کی منتقلی یا مراعات کے حصول کے لئے نہیں بلکہ بھارت سے آزادی کے لئے ایک مکمل تحریک ہے۔دریں اثناء شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر ایک وفد جس میں صدر ضلع بڈگام عبدالغنی ،غلام محمد ،بشیر احمد کی قیدت میں ایک ٹیم نے جاں بحق ہوئے افراد کے گھر جاکر اُن کے اہل خانہ سے تعزیت پرسی کی۔ نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ وسطی کشمیر میں الیکشن بائیکاٹ سے حکام اس حد تک پریشان ہوگئے کہ اُنہوں نے وردی پوش اہلکاروں کو نہتے مظاہرین پر گولیاں اور پیلٹ برسانے کے احکامات صادر کردئے۔اپنے ایک بیان میں نعیم خان نے کہا کہ آزادی پسند کشمیریوں کے ایک اور اجتماعی قتل عام نے بھارت کی جمہوریت کوننگا کرکے رکھ دیا اور یہ بات ایک بار پھر واضح ہو گئی کہ ریاستی ایجنٹ دلی میں بیٹھے اپنے آقائوں کو خوش کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ نعیم خان نے وسطی کشمیر میں لوگوں کے مثالی الیکشن بائیکاٹ کو بھارت اور اس کے ایجنٹوں کے خلاف ایک واضح ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے لوگوں کے جذبۂ آزادی اور حوصلے کو سلام پیش کیا ہے اور کہا کہ آئندہ کے مراحل پر بھی اسی یکسوئی کا مظاہرہ جاری رہا تو بھارت کے پاس بستر گول کرنے کے سِوا کوئی چارۂ کار نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اور خاص کر ہماری نوجوان نسل کا تحریکی اور سیاسی شعور کافی پختہ ہوگیا ہے اور وہ دوستوں اور دشمنوں میں اچھی طرح سے تمیز کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے جس بالغ نظری اور راست روی کا عملی مظاہرہ کیا، اُس نے بھارت کے علاوہ پوری عالمی برادری کو بھی واضح پیغام بھیجا ہے کہ بھارت جموں کشمیر میں صرف اپنی ملٹری طاقت کے بل بوتے پر قابض ہے اور اُس کی حیثیت یہاں وہی ہے، جو خود متحدہ ہندوستان میں انگریزوں کی تھی۔تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی نے عوام کے الیکشن بائیکاٹ سے متعلق ان کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 12اپریل کو جنوبی کشمیر کے لوگ بھی اسی طرز عمل کا مظاہرہ کریں گے ۔اپنے بیان میں انہوں نے بڈگام ،گاندربل اور سرینگر میں ہوئے بائیکاٹ کو بھارت اوراُ س کے حواریوں کے لئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پتہ چلا ہوگا کہ اس طرح کے انتخابات منعقد کرکے وہ اب دنیا کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتے ۔بلال صدیقی نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سنگین واقعات حکام کے لئے ایک بدنما داغ ہیں ۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن، ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے ایک دھڑے کے جنرل سیکریٹری خواجہ فردوس وانی اور دوسرے دھڑے کے چیئرمین فردوس احمد شاہ ،ووئس آف وکٹمزکے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان،اسلامک پولیٹکل پارٹی ترجمان اور پیروان ولایت کے سربراہ سبط محمد شبیر قمی نے کہاہے کہ کشمیریوں کے قتل عام پراقوام عالم کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے جاں بحق شہریوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی اورتعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کشمیری قوم کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں ہونگی ۔لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے پارٹی چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت پسند قائدین کی گرفتاری سے یہ بات واضح ہورہی ہے کہ ریاستی طاقت کے استعمال کے باوجود انتخابی بائیکاٹ پر عوام نے دھیان دے کر تحریک آزادی کے تئیں اپنے لگائو کا برملا اظہار کیا ۔ پیپلز مومنٹ چیئرمین میر شاہد سلیم نے سرینگر،بڈگام اور گاندر بل اضلاع کے عوام کی جانب سے ضمنی پارلیمانی انتخابات سے مکمل طور لا تعلقی اختیار کئے جانے کو تحریک آزادی کے حق میں ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے بھارتی قیادت اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے کر کشمیری عوام کو اپنا پیدائشی حق حقِ خود اردیت دیں۔