سرینگر //جموں وکشمیر حکومت کے دعوے کہ ’کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہیں ہے‘ کے محض دو روز بعد کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کے روز گرمائی دارالحکومت سری نگر کے8 پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں پابندیاں عائد کرکے سول سکریٹریٹ سے کچھ دوری پر واقع گروبازار علاقہ سے برآمدہونے والے 8 ویں محرم الحرام کے تاریخی ماتمی جلوس کو مسلسل 28 ویں دفعہ برآمد ہونے سے روک لیا۔جمعہ کوعزادار یا حسین،یا حسین کے نعرے بلند کرتے ہوئے جب مولانا آزاد روڑ پر کانگریس ہیڈ کوارٹر کے نزدیک پہنچے تو پہلے سے موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس گولے داغے،جس کی وجہ سے جلوس میں کھلبلی مچ گئی۔عزادار تھوڑی ہی دیر میں پھر جمع ہوئے،اور پھر سے پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انکی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے درجنوں عزاداروں کو حراست میں لیا۔ سخت ترین پابندیوں کے باوجود اتحاد المسلمین کے نائب صدر آغا سید یوسف کی قیادت میں عزاداروں نے کرن نگر سے جلوس نکالا اور فائر سروسز ہیڈکوارٹر سے ہوتے ہوئے ڈلگیٹ کی جانب پیش قدمی کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ان پر شلنگ اور لاٹھی چارج کیا ۔ عزاداروں کا ایک اور جلوس جہانگیر چوک سے حریت(گ) لیڈر نثار حسین راتھر کی قیادت میںبرآمد ہوا، جس نے پولیس رکاوٹوں کو پھلانگتے ہوئے ڈلگیٹ کی طرف اپنی پیش قدمی جاری رکھی لیکن زنانہ کالج مولانا آزاد روڑ کے سامنے پولیس نے انکی پیش قدمی روک دی۔ پولیس نے نثار حسین راتھر،امتیاز حیدر،محمد یوسف ندیم،مظفر رضوی اور علی محمد راتھر سمیت کئی مزاحمتی کارکنوں کو حراست میں لیا۔ نماز جمعہ کے بعدشہید گنج سے سینکڑوں عزاداروں نے جلوس نکال کر لالچوک کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی۔عزادار نوحہ خوانی کررہے تھے اور جب انہوں نے جہانگیر چوک کے نزدیک نصب خاردار تار عبور کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج کرنے کے علاوہ اشک آور گیس کے گولے داغے۔اس کارروائی کے دوران بھی درجنوںعزاداروں کو حراست میں لیا گیا ۔پولیس کارروائی میں کئی عزاداروں کو چوٹیں بھی آئیں۔کئی گاڑیوں کی چھتوں پر عزاداروں سوار ہوئے اور سیاہ ماتمی پرچم لہرائے،جبکہ پولیس نے انہیں گاڑیوںکے چھتوں سے نیچے اتار کر حراست میں لیا۔اُدھرڈلگیٹ علاقہ میں بھی پولیس نے عزاداروں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کئی عزاداروں کوحراست میں لیکرپولیس تھانہ رام منشی باغ منتقل کیا۔ ادھر کرن نگر چوٹہ بازار میں بھی جلوس نکالے گئے جبکہ نماز جمعہ کے بعد عزاداروں نے آبی گزر سے بھی جلوس برآمد کیا،اور مرگ از امریکہ،مرگ از اسرائیل کے نعرے بلند کئے۔اس دوران منڈی بل سے ایک جلوس برآمد ہوا،جو جڈی بل میں اختتام پذیر ہوا۔وادی کے جنوب و شمال سے بھی عزاداروں کی طرف سے8محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس برآمد ہونے کی خبریں موصول ہوئیں ہیں۔انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 8 محرم الحرام کو مدین صاحب جڈی بل میں جلوس برآمد کیا گیا جس میں سینکڑوںعزاداروں نے شرکت کی۔ 8 محرم الحرام کو علم شریف کے جلوس نکالے گئے۔ ان میں آباد پورہ ، اوڑورہ، بوگہ چھل، آستان شریف دوین چاڈورہ، پالر بڈگام، ملک گنڈ چھاتر گام، آستان پورہ اسکندرپورہ، مدین صاح جڈی بل، گلشن باغ بٹہ کدل، خمینی چوک اوڑینہ، زالپورہ، گنڈ نوگام، سونہ برن، اندرکوٹ ، گامدو، کھنہ پٹھ، اوچھلی پورہ وغیرہ شامل ہیں۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں ’’یوم علی اصغر ؑ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔