جموں //ریاستی سرکار نے کہا ہے کہ 8جولائی 2016سے27 فروری 2017تک وادی کشمیر میں صرف51افراد کی موت واقع ہوئی اوراس دوران 9ہزار 42افراد زخمی ہوئے ہیں۔زخمی ہونے والوں میں 368افراد گولیاں اور 6221پیلٹ لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ 2449افراد دیگر وجوہات سے زخمی ہوگئے ۔حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ 782افراد کی آنکھیں پیلٹ سے متاثر ہوگئیں ہیں ۔
ہلاکتیں
ممبر اسمبلی عید گاہ مبارک گل نے اپنے ایک سوال میں سرکار سے جواب طلب کیا تھا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران وادی میں پیلٹ سے زخمی ہوئے اشخاص کے متعلق تفصیل فراہم کی جائیں، کے تحریری جواب میں، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، جن کے پاس امور داخلہ کا قلمدان بھی ہے، کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ 8جولائی 2016کے بعد برہان وانی کی ہلاکت کے بعد ایجی ٹیشن سے لیکر فروری2017 کے آخر تک وادی میں صرف 51افراد کی موت واقع ہوئی۔ریاستی سرکار نے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں اننت ناگ میں ہوئی جن کی تعداد 16تھی۔کولگام میں13،پلوامہ میں 7،شوپیان میں 2،بانڈی پورہ میں 1،بارہمولہ میں3،بڈگام میں 4،کپوارہ میں 5 افراد مارے گئے ۔ سرینگر اور گاندربل میں اس عرصہ کے دوران کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔سرکاری اعدادو شمار کے مطابق جہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں اننت ناگ میں ہوئیں وہیں سب سے زیادہ زخمی پلوامہ میں ہوئے جن کی تعداد 1571ہیں ۔ جبکہ گاندربل میں سب سے کم یعنی 137افراد زخمی ہوئے ۔
پیلٹ
ریاستی سرکار نے بتایا ہے کہ 8ماہ کی ایجی ٹیشن میں 782افراد کی آنکھیں پیلٹ سے متاثر ہوئیں ۔پیلٹ سے جن افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں، اُن میں سے 510افراد کو علاج ومعالجہ کیلئے ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔5197پیلٹ متاثرین کا ضلع اسپتالوں میں علاج کیا گیاجبکہ 272افراد کو بہتر طبی سہولیات کیلئے سپر شپیلٹی اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔
جنوبی کشمیر
مکمل اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے سرکار نے بتایا ہے کہ اننت ناگ ضلع میں اس عرصہ کے دوران 16افراد ہلاک اور 1434افراد زخمی ہوئے ۔ان میں 80کو گولیاں ، 873کو پیلٹ اور 418دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے ۔ اسی طرح کل زخمیوں میں سے 86افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں ۔کولگام میں 13افراد کی موت اور 1400زخمی ہوئے تھے۔ جن میں سے 112کو گولیاں ،1031کو پیلٹ ،4افراد پاوا ،245افراد دیگر وجوہات کی وجہ سے زخمی ہوئے جبکہ ضلع میں 34افراد کی آنکھوں میں پیلٹ سے زخم آئے ۔پلوامہ ضلع میں 7افراد کی موت اور 1571زخمی ہوئے۔ ان زخمیوں میں 64کو گولیاں ،1041کو پیلٹ اور466افراد دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے۔ ضلع میں 194افراد کی آنکھوں میں پیلٹ کی وجہ سے زخم آئے ۔شوپیاں ضلع میں اس عرصہ کے دوران 2افراد جاں بحق اور 1002زخمی ہوئے ۔ ان زخمیوں میں سے 27کو گولیاں ،808کو پیلٹ اور167دیگر وجوہات کی وجہ سے زخمی ہوئے ۔ اس دوران ضلع میں 76افراد کی آنکھیں پیلٹ کی وجہ سے زخمی ہوئیں ۔
وسطی کشمیر
بڈگام ضلع میں اس عرصے کے دوران4افراد کی موت اور 257زخمی ہوئے ۔ ان میں 28گولیاں لگنے سے اور167کو پیلٹ اور67دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے ۔ ضلع میں 29افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں ۔گاندربل میں 137افراد زخمی ہوئے جن میں 2کو گولیاں لگیں ،36پیلٹ سے زخمی ہوئے اور99دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے اور 3افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں ۔سرینگر ضلع میں کل 203افراد زخمی ہوئے، جن میں 3کو گولیاں لگیں ،110پیلٹ کی وجہ سے اور 90دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے جبکہ سرینگر ضلع میں سرکاری ا عدادو شمار کے مطابق صرف 9افراد کی آنکھوں میں پیلٹ سے زخم آئے ۔
شمالی کشمیر
بانڈی پورہ ضلع میں 1کی موت اور756افراد زخمی ہوئے۔ ان میں 6کو گولیاں ،183کو پیلٹ اور 567افراد دیگر وجوہات کی وجہ سے زخمی ہوئے ۔ضلع میں 21افراد کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں ۔بارہمولہ میں 3افراد کی موت 1293افراد زخمی ہوئے۔ جن میں سے 18کو گولیاں لگیں ،1084کو پیلٹ اور 191دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے ۔ بارہمولہ میں 179افراد کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ۔کپوارہ ضلع میں 5افراد کی موت اور 989افراد زخمی ہوئے ۔ جن میں سے 20کو گولیاں ،888کو پیلٹ ،81دیگر وجوہات کی بنا پر زخمی ہوئے ۔ ضلع میں اس عرصہ کے دوران 151افراد کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ۔