رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن کی دبڑ پنچایت کے موڑا جلالی گوڑا کے عوام کیلئے یہ دن کسی تہوار سے کم نہیں تھا، جب 75 سال کی طویل محرومی کے بعد آخرکار انہیں پکی سڑک کی سہولت میسر آئی۔ گاؤں کے لوگوں نے اس تاریخی لمحے کو جوش و خروش سے منایا، جبکہ ڈی ڈی سی سیری سنگیتا شرما اور سابق بی ڈی سی نینا شرما نے ربن کاٹ کر سڑک کا باضابطہ افتتاح کیا۔یہ علاقہ گزشتہ سات دہائیوں سے بنیادی سڑک کی سہولت سے محروم تھا، جس کے سبب یہاں کے باسیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ گزشتہ سال جون میں مقامی باشندوں نے احتجاج کیا تھا، جس کے بعد گورنر انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی تعمیر کے لئے 18 لاکھ روپے کی رقم منظور کی۔ اس کے تحت دو مختلف ٹینڈرز جاری کئے گئے، جن میں سے ایک ٹینڈر کے تحت 500 میٹر تک سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شامل تھا۔ گزشتہ چھ روز قبل ہی اس سڑک پر تارکول بچھائی گئی، جس کے بعد جمعرات کے روز اس کا افتتاح عمل میں آیا۔افتتاحی تقریب کے دوران ڈی ڈی سی سنگیتا شرما نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے مسلسل ترقیاتی منصوبے متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر دیہاتوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے بھاری سرمایہ مختص کیا جا رہا ہے تاکہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا بنیادی نعرہ ہے’ سب کا ساتھ، سب کا وشواس، سب کا وکاس‘اور اسی وژن کے تحت پارٹی ترقیاتی کاموں کو فروغ دے رہی ہے۔سنگیتا شرما نے وزیر اعظم نریندر مودی کو دنیا کا عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ہندوستان نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی ایسے ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔افتتاح کے موقع پر گاؤں کے بزرگ، نوجوان اور خواتین سبھی خوشی سے سرشار نظر آئے۔ مقامی باشندوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے حق میں زوردار نعرے بازی کی۔ گاؤں کے لوگوں نے اس سڑک کو اپنی ایک دیرینہ خواہش کی تکمیل قرار دیتے ہوئے انتظامیہ اور حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔یہ سڑک نہ صرف جلالی گوڑا کے عوام کے لئے سہولت فراہم کرے گی بلکہ مستقبل میں علاقے کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔