ڈورو//چنہ گنڈ ڈورو شاہ آباد میں محکمہ اریگیشن کی جانب سے 7کروڑ روپئے سے تعمیر کی گئی ڈیم استعمال سے پہلے ہی ناکارہ ہوگئی جس پر کسانوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ چنہ گنڈ ڈورو میں نالہ ساندرن پر اس ڈیم کیلئے 2008میں اُس وقت کے مرکزی وزیر ارگیشن سیف الدین سوز نے سنگ بنیاد ڈالا تھا ۔ڈیم کی تعمیر7برسوں میں مکمل ہوئی اور تقریباََ669لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ۔ڈیم کے لئے پانی کا ذریعہ نالہ ساندرن و ہوکری نالہ کا انتخاب کیا گیا ۔محکمہ نے دعویٰ کیاتھا کہ اس ڈیم سے نتی پورہ ،محمود آباد ،کریری اور نوپورہ گاﺅں کے کھیتوں کوخشک سالی کے دوران سیراب کیا جائے گا ۔200میٹرلمبی ڈیم تعمیر ہونے کے بعد کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی ۔تاہم کسانوں کی خوشی اُس وقت مایوسی میں بدل گئی جب کروڑوں روپئے سے تعمیر کی گئی یہ ڈیم استعمال سے قبل ہی بیکار ہوگئی ۔ جب ڈیم سے پانی کا اخراج نہیں ہورہا ہے بلکہ اندر ہی جذب ہوتا ہے۔ اگر چہ محکمہ کے انجینئروں نے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا تاہم اُن کی کوششیں ناکام ثابت ہوگئیں ۔ 2014کے تباہ کن سیلاب کے دوران اس ڈیم کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھالیکن آج تک مرمت نہیں کی گئی۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئراریگیشن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈیم میں سوراخ ہونے کے سبب پانی کی سطح بتدریج روزانہ کم ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اُن کی کوشش ہے کہ ڈیم جلد ٹھیک ہوتاکہ کسانوں کومشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔