سمت بھارگو
راجوری // جمعہ کو پونچھ اور راجوری اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس 7 دن کے بعد بحال کردی گئی۔گزشتہ ہفتے پونچھ ضلع میں فوج پر گھات لگا کر کئے گئے حملے کے بعد انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی تھی جس میں4 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔حملے کے بعد تین شہریوں کی ہلاکت کے بعد کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر موبائل انٹر نیٹ خدمات کو بند کر دیا گیا تھا۔ادھر حکام نے بتایاکہ سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو راجوری ضلع کے ایک جنگلاتی علاقے میں مشتبہ عناصر کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کالاکوٹ کے مراد پور علاقے سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، سیکورٹی فورسز نے افلا، مراد پور، بوتھنی اور سوانی علاقوں میں آپریشن شروع کیا۔حکام نے بتایا کہ ابھی تک کچھ سامنے نہیں آیا، انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال اسی علاقے میں اسی طرح کے مشکوک نقل و حرکت نظر آنے کی اطلاع ملی تھی۔ادھر پونچھ ضلع میں تلاشی مہم کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود ضبط کیا، جس میں تین پستول اور چار دستی بم شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے کسبلاری علاقے میں پولیس اور فوج کے اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم نے تلاشی لی۔ذرائع نے بتایا کہ ایک گھر سے تین پستول، چھ میگزین، چار ہینڈ گرینیڈ اور 64 رانڈ ضبط کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ بازیابی کے بعد، سرحد پار سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔