جموں//امداد باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے نے یہاں 64 ویں امداد باہمی ہفتے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عام لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ پیداوار بڑھانے اور بہتر مارکیٹنگ کے تصور کو پوری طرح سمجھیں تا کہ اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کواپریٹو دفتر کمپلیکس بن تالاب میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ طویل ان تقریبات کے دوران کواپریٹوز کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امداد باہمی تحریک تقویت پا رہی ہے اور اس کی بدولت ریاست کا مجموعی ترقیاتی منظر نامہ بھی آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کواپریٹوز تحریک ریاست کے دیہی علاقوں میں لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے میں بھی ایک کلیدی رول ادا کر رہی ہے ۔ وزیر موصوف نے our copratives-our strength ایک نیوز لیٹر 2017 کی رسم رونمائی بھی انجام دی یہ میگزین محکمے کی طرف سے تیار کیا گیا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ اس اشاعت سے محکمے کی حصولیابیوں کی عکاسی ہوتی ہے ۔ وائس چئیر مین جیکفیڈ ، سیکرٹری امداد باہمی اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعے پر موجود تھے ۔