سرینگر //جنوبی کشمیرکے شوپیان، اننت ناگ اور پلوامہ میں جنگجو مخالف کارروائیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں پر فورسز اہلکاروں کی براہ راست فائرنگ سے 100سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 61 کو سرینگر کے مختلف اسپتالوں میں علاج و معالجہ کیلئے داخل کیا گیا ہے۔ کچھ ڈورہ میں بڑے پیمانے پر ہوئی تصادم آرائی میں زخمی ہونے والوں میں سے 60سے زائد افراد کو شوپیان ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا جن میں 14کو گولیاں لگی تھیں جبکہ دیگر پیلٹ اور شلوں سے مضروب ہوئے تھے۔ان میں سے درجنوں کو سرینگر منتقل کیا گیا۔23کو کولگام اسپتال منتقل کیا گیا ،8کو زینہ پورہ اسپتال،16کو حرمین اسپتال میں داخل کیا گیا۔17افراد کو گولیاں لگیںتھیں ۔مختلف اسپتالوں کی جانب سے فراہم کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق جنوبی کشمیر سے 61زخمی افراد کو سرینگر منتقل کیا گیا جبکہ ایک نوجوان شمالی کشمیر کے پٹن علاقے میں مظاہروں کے دوران پیلٹ لگنے سے زخمی ہوا ۔سرینگر منتقل کئے گئیزخمی افراد میں سے 40آنکھوں پر چھرے لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے جبکہ27افراد جسم کے مختلف اعضاء میں گولی لگنے سے مضروب ہوئے ۔گولیوں سے زخمی ہونے والے 61افرادمیں سے 9کو بون اینڈ جوائنٹ برزلہ سرینگر، 9کو شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ، ایک کو جے وی سی سرینگر جبکہ 41کو صدر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اتوار کو 10زخمی افراد سکمز صورہ میںمنتقل کئے گئے جن میں ایک کی جراحی انجام دی گئی جبکہ دوسری کی جراحی ابھی ہونا باقی ہے۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ 10زخمی افراد میں سے 3کی پیٹ میں گولیاں پیوست ہوئی تھیں جبکہ دیگر پانچ کے بازو اور ٹانگوں میں گولیاں آئی تھیں۔ بون اینڈ جوائنٹ اسپتال میں موجود ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں اتوار کو 9زخمی افراد کو داخل کیا گیا جو گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے ۔ زخمی افراد میں سے اکثر افراد ٹانگوں میں گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے۔ جے وی سی سرینگر کی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر شفاء نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کو جے وی سی میں ایک زخمی نوجوان کو داخل کیا گیا جو پلہالن پٹن کا رہنے والا ہے۔ ڈاکٹر شفاء نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان کی چھاتی اور بائیں آنکھ پیلٹ کا نشانہ بنی ہے۔سرینگر کے صدر اسپتال میں سب سے زیادہ زخمی افراد کو داخل کیا گیا ۔صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’اتوار کو کل 41افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا جن میں 40افراد کی آنکھوں میں چھرے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان کے کندھے میں گولی لگی ہے تاہم جراحی کے بعد اسکی صورتحال بہتر ہے۔