ڈوڈہ//ڈوڈہ پولیس نے سرکاری سیمنٹ کے کئی بیگ ضبط کئے ہیں اور کالا بازاری میں ملوث دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں ایک JKPCCاہلکار بھی شامل ہے۔پولیس کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سرکاری سیمنٹ کے غبن اور اسے کالا بازرے کے لئے لے جانے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایت اور سرپرستی،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ڈوڈہ افتخار احمد کی نگرانی اور ایس ایچ او ڈوڈہ رگھو بیر سنگھ کی قیادت میں تھانہ پولیس ڈوڈہ کی ایک ٹیم نے ڈوڈہ بھرت سڑک پر بھرت نالا کے مقام پر ایک ناکے کے دوران ایک مال بردار ٹرک زیرِ نمبرJK06-7506 کو روک کر اُس کی تلاشی لی جس میں سرکاری سیمنٹ کے کئی بیگ لوڈ تھے ۔ڈرائیور رئیس احمد ولد شبیر احمد ساکنہ کوٹی اور ٹرک میں سوار JKPCC میں بطورِ ڈیلی ویجر تعینات ظفر اللہ شاہ ولدِ رضا محمد شاہ ساکنہ اُدھیانپور ڈوڈہ سے جب پوچھ تاچھ کی گئی تو وہ دونوں ہڑ بڑا گئے اورکوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا اورRPCکی دفعہ406اور407 کے تحت ایف آئی آر نمبر245/2017 درج کی گئی اورمزید تحقیقات جاری ہیں۔