سرینگر //خراب موسمی صورتحال کے باوجود سالانہ امرناتھ یاترا جاری ہے اور 6ہزار سے زائد یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ جموں بیس کیمپ سے روانہ ہوکروادی پہنچا ۔ حکام نے بتایا کہ 6064یاتریوں پر مشتمل تازہ قافلہ بدھ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کشمیر کی جانب روانہ ہو گیا ۔حکام نے بتایا کہ یاتریوں کے تازہ قافلہ میں سے 1511خواتین بھی شامل ہیں، سخت حفاظتی انتظامات کے تحت دو الگ الگ قافلے اننت ناگ میں ننون پہلگام اور گاندربل کے بال تل کے جڑواں بیس کیمپوں پرپہنچے۔انہوں نے کہا کہ جہاں 3,593 یاتری 139 گاڑیوں کے قافلے میں پہلگام بیس کیمپ پہنچے ہیں، وہیں 95 گاڑیوں میں سوار 2471 یاتری یاترا کے لیے بالتل پہنچے۔حکام کے مطابق 38 روزہ سالانہ یاترا 3 جولائی کو دونوں راستوں سے شروع ہوئی تھی اور 9 اگست کو رکھشا بندھن تہوار کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اب تک 2.35 لاکھ سے زیادہ یاتری شیو لنگم کی گھپا کا درشن کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔