سرینگر// وادی بھر میں جاری ایجی ٹیشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 12اگست تک نیااحتجاجی کلینڈر جاری کردیا ہے جس کی رو سے سخت ترین ہڑتال کے علاوہ مظاہروں اور دھرنوں کیلئے کہا ہے ۔جمعرات کی شام دیر گئے میڈیا کے نام جاری پریس ریلیز میں مزاحمتی قیادت بشمول سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے عوام سے احتجاجی کلینڈر کی من و عن تعمیل پر زور دیا ہے ۔نئے کلینڈر کی رو سے 6اگست بروز سنیچر تمام قصبہ جات و دیہات اور بستیوں کے چوراہوں پر نماز عصر سے مغرب تک جمع ہوکر پر امن احتجاج کے بعد مساجد میں مغرب سے عشاء تک اسلام اور آزادی کے ترانے پڑھے جائیں ۔اس روز ہڑتال میں کوئی ڈھیل نہیں ہوگی ۔7اگست کو بروز اتوار صبح 10بجے سے4بجے تک اپنے اپنے محلہ جات ،دیہات ،بستیوں اور اسپتالوں کی صفائی کی جائے ۔مقامی مساجد کی کمیٹیاں اس کام کی نگرانی کریں گی ۔عصر سے مغرب تک پر امن احتجاج کیا جائیے ۔اس روز شام 6بجے کے بعد ڈھیل ہوگی ۔8اگست سوموار کو سول سیکریٹریٹ سرینگر ،ڈپٹی کمشنر اور تحصیل دفاتر کی طرف جانے والے تمام راستوں کو مسدود کیا جائے تاکہ کوئی بھی سرکاری ملازم ڈیوٹیوں پر حاضر نہ ہوسکے ۔ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین کو ڈیوٹیوں پر حاضر ہونے کیلئے تنگ طلب نہ کریں ۔اس روز کوئی ڈھیل نہیں ہوگی ۔9اگست بروز منگل ظہر سے عصر تک خواتین احتجاج کریں گی جبکہ عصر سے مغرب تک مرد احتجاج کریں گے ۔اس دوران مغرب سے عشاء تک مساجد سے آزادی اور اسلام کے ترانے پڑھے جائیں گے۔6بجے کے بعد ڈھیل ہوگی ۔10اگست بروز بدھ ظہر سے عصر تک دھرنا ہوگا جس میں کالے جھنڈے لہرائے جائیں گے اور مغرب سے عشاء تک مشعل بردار احتجاج ہوگا ۔کوئی ڈھیل نہیں ہوگی ۔11اگست بروز جمعرات سرینگر کے مزار شہداء ہپر شہید شیخ عبدالعزیز کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی اسی روز تمام ہند نواز سیاست دانوں ،ان کے کارکنوں ،پنچوں اور سرپنچوں کے مکانات پر پوسٹر چسپاں کئے جائیں جن میں ان سے کہا جائے کہ وہ مستعفی ہوجائیں ۔اس روز 6بجے کے بعد ڈھیل ہوگی ۔12اگست بروز جمعہ آزادی کے آگاہی پروگرام کے خطوط تمام مساجد کے امام اور خطیب ہر نماز کے بعد پڑھیں گے ۔یہ پیغامات ہر مسجد کے دروازے پر چسپاں کئے جائیں اور نزدیکی چوراہوں پر ہر نماز کے بعد احتجاج کیا جائے اس روز کوئی ڈھیل نہیں ہوگی ۔مشترکہ بیان میں تمام دنوں کیلئے یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ ہر روز پوری ریاست میں احتجاج جاری رکھا جائے ،ڈھیل کے بغیر تمام اوقات پر ہڑال جاری رہے گی ۔رات کے دوران تمام بستیوں ،محلہ جات ،دیہات میں جانے والے راستوں کو بند کیا جائے تاکہ پولیس اور فورسز کی جانب سے گرفتاریوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔متبادل ایام میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں ۔