سرینگر//ریاستی کابینہ کا ایک اہم اجلاس6جون کو منعقدہورہا ہے جس میں جی ایس ٹی کے اطلاق پراسمبلی اجلاس بلانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائیگا۔چیف سیکر یٹری آفس سے جو روسٹر جاری کیا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں کابینہ اجلاس منگل6جون کو سیول سیکریٹریٹ میں منعقد کیا جارہا ہے جو صبح 11بجے شروع ہوگا۔اس ضمن میں تمام انتظامی سیکریٹریوں کو آگاہ کیا گیا ہے اور تمام ریاستی وزراءکو بھی کابینہ اجلاس کے انعقاد کے بارے میں جانکاری دیدی گئی ہے۔سیکریٹریٹ ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ کابینہ کا اہم اجلاس ہوسکتا ہے کیونکہ ابھی صرف روسٹر جاری کیا گیا ہے ایجنڈا نہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا قومی امکان ہے کہ اجلاس کے دوران جی ایس ٹی معاملے پر ریاستی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا، اور اگر اتفاق رائے ہوا تو تاریخ کا اعلان بھی ممکن ہے۔اسکے علاوہ پولیس افسروں کوآئی پی ایس کیڈردینے کے معاملے پربھی اہم غوروخوض کیاجائیگا۔یہ معاملہ کئی برسوں سے التوا میں ہے اور باور کیا جارہا ہے کہ کشمیر پولیس سروس کیڈر کے افسران کو آئی پی ایس کیڈر دینے پر فیصلہ ہوسکتا ہے۔غورطلب ہے کہ در بار مو سرینگرمنتقل ہونے سے چند روزقبل جموں میں منعقدہ کابینہ اجلاس کے دوران ’کے پی ایس ‘معاملہ بھاجپا وزراءکی مخالفت کے اٹک گیا تھا جس کے بعد 6سینئروزراءپرمشتمل کابینہ سب کمیٹی تشکیل دی گئی تھی لیکن نعیم اخترکے وزارتی قلمدان میں تبدیلی کے باعث بعدازاں اس کمیٹی کی کوئی ایک میٹنگ بھی طلب نہیں کی گئی تھی لیکن ذرائع کی مانیں تو6جون کابینہ سب کمیٹی کی پہلی میٹنگ طلب کی جائیگی اوراس معاملے کواتحادی جماعتوں سے وابستہ سینئروزراءباہمی صلاح مشورے اورافہام وتفہیم کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔