بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر انتظامیہ کی جدید ترین تکنیکی مداخلتوںاور مشروم کے کاشتکاروں کے لیے سبسڈی سے پورے جموں و کشمیر میں مشروم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔قومی زراعت کی ترقی کے پروگرام’راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا ‘کے تحت، مشروم کی کاشت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور مشروم کے کاشتکاروں کو معیاری بیجوں سے لیس کیا جارہا ہے اور انہیں سائنسی کاشت کی تکنیکوں میں تربیت بھی دی جاتی ہے۔ انتظامیہ کی 50 فیصد سبسڈی اور تکنیکی علم کاشت کو منافع بخش بنا رہا ہے۔2010 میں، محکمے نے سرینگر میں قائم نیشنل مشروم ڈیولپمنٹ پروجیکٹ قائم کیا ۔ اس منصوبے کا سب سے اہم ہدف مشروم کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانا تھا۔ناظم زراعت کا کہنا ہے”ہم کشمیر میں مشروم کے سب سے بڑے صارفین ہیں لیکن یہ سب باہر سے آرہا تھا۔ اب پچھلے دو سالوں سے پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ پہلے کی ایک فصل سے تقریباً 40-50 یونٹس پر پیداوار اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ ہم ایک سال میں تقریباً 1,500 یونٹس پر دو بڑی فصلیں پیدا کرتے ہیں،‘‘ ۔ڈاکٹر شبیر الرحمان، جو مشروم سنٹر، لال منڈی کے ایک محقق ہیں، نے کہا کہ انہوں نے 2021 میں کاشتکاروں کو سپون (بیجوں) اور کھاد سے بھرے ہوئے ان پٹ بیگز کی تعداد کو تقریباً دوگنا کر کے 85,000 کر دیا ہے۔ 2020-2019 میں یہ 40,000 تھی۔انکا کہنا ہے “مارکیٹ کے سروے میں، ہمیں معلوم ہوا کہ وادی ہر روز تقریباً 15 سے 21 ٹن مشروم استعمال کررہی ہے جس میں سے صرف 15 فیصد مقامی طور پر پیدا کی جارہی ہے۔
لیکن پچھلے دو سالوں سے پیداوار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ہم اس قابل ہیں کہ ہم 40-50 فیصد استعمال کر رہے ہیں۔محکمہ نے 860 کاشتکاروں کو 85,550 ان پٹ بیگ فراہم کیے جس سے 1,538 کوئنٹل مشروم پیدا ہوئے جبکہ 627 کاشتکاروں کو 2020-21 میں 894 کوئنٹل کی پیداوار کے ساتھ 62,000 بیگ فراہم کیے گئے۔جموں ڈویژن میں، کھمبیوں کی کھپت کے ساتھ کہانی اسی طرح کی ہے۔جوائنٹ ڈائریکٹر، ایپی کلچر اور مشروم ڈیولپمنٹ، آر کے ہٹاشی نے کہاکہ نئے کاشتکار اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی اور ہائی ٹیک ڈھانچے کا استعمال کرتے ہوئے پیداوار میں اضافہ کا رجحان دکھا رہے ہیں۔ یہاں مشروم ایک کنٹرول ماحول کے ساتھ ساتھ قدرتی نظام کے تحت اگائے جاتے ہیں کیونکہ وہ درجہ حرارت اور نمی پر منحصر ہوتے ہیں،” ۔جموں و کشمیر کی حکومت مشروم کی کاشت کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے اسٹیک ہولڈرز پر زور دے رہی ہے، جو نوجوانوں کے لیے ایک ممکنہ کاروباری صلاحیت ہے۔ بارہمولہ کے بٹہ پورہ کے محمد اشفاق ملا نے 2018 میں کھمبیاں اگانا شروع کیں اور اب حکومتی مدد سے اس کا اجر حاصل کر رہے ہیں۔ 38 سالہ زرعی صنعت کار فی الحال مشروم کی کاشت کاری، سپون کی پیداوار اور کھمبی کے خواہشمند کسانوں کی تربیت سے تقریباً 1 لاکھ سے 1.5 لاکھ روپے سالانہ کماتا ہے۔ملہ فی الحال سالانہ 1.5-1.75 کوئنٹل مشروم تیار کر رہے ہیں اور انہیں 250 روپے فی کلو گرام میں فروخت کر رہے ہیں۔ وہ باغبانی ڈویژن کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اسے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا اور اس کی مارکیٹنگ میں مدد کی۔انہوں نے کہا، “مستقبل میں، میں ایک مشروم فارم بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں جس کے ذریعے میں نہ صرف پورے شمالی کشمیر کا احاطہ کروں گا بلکہ نوجوانوں کو ملازمتیں میں دوں گا۔” پلوامہ کی رہائشی تہمینہ اختر نے محکمہ زراعت سے مشروم کی کاشت کی بنیادی تربیت حاصل کی ہے۔ “ٹریننگ کے دوران، محکمہ زراعت نے ہمیں بیج، حرارتی نظام، کیڑوں کے خطرے وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ یہ 40 دن کا تربیتی عمل تھا اور یہ کافی قابل تعریف تھا کہ کس طرح میری اور دیگر جیسی خواتین کو تربیت دی گئی”۔