جموں//بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے ریاست کی پانچ لوک سبھا نشستوں کے لئے امیدواروں کے نام نامزد کرتے ہوئے جموں اور اودھم پورسے موجودہ ارکان پارلیمان جگل کشور شرما اور ڈاکٹر جیتندر سنگھ کو ہی دوبارہ منڈیٹ دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ بی جے پی نے کشمیر کی تین لوک سبھا نشستوں کے لئے تین امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی ہے۔اننت ناگ لوک سبھا نشست کیلئے صوفی یوسف، سرینگر نشست کیلئے خالد جہانگیر اور بارہمولہ نشست کیلئے مقبول وار کو منڈیٹ دیا گیا ہے۔بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے لداخ کیلئے ابھی کسی امیدوار کو منڈیٹ نہیں دیا ہے۔ پارٹی کے منڈیٹ پینل میں دو کارکن جے ٹی نامگیال اور سیرنگ ڈورجے شامل ہیں تاہم بی جے پی نے پارٹی کے ریاستی یونٹ کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی ٹیم لداخ روانہ کرے تاکہ ایک امیدوار پر اتفاق رائے کے بعد حتمی فیصلہ لیا جاسکے۔