سرینگر//وادی میں4ماہ تک جاری رہنے والے احتجاجی مظاہروں، شہری ہلاکتوں اور کرفیو وہڑتال سے پیداہ شدہ صورتحال کی عکاسی کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ماس کیمونی کیشن میں زیر تعلیم5طلاب نے دستاویزی فلم’’محاصرے کی داستانیں‘‘ تیار کر کے سماجی ویب سائٹ’’یو ٹیوب‘‘ پر دستیاب رکھی ہے۔حزب کمانڈر برہان وانی کے8 جولائی کو جاں بحق ہونے کے بعد جاریہ ایجی ٹیشن، ہڑتال،کرفیو اور بندشوں سے متعلق اس دستاویزی فلم میں’’مزاحمتی افسانہ اور کشمیری عوام کی بقاء‘‘ کا ذکر کیا گیا ہے۔ماس کیمونکیشن کے تیسرے سمسٹر میں زیر تعلیم طلاب شیخ عدنان،سحر اقبال عاشواری،پیر فرقان خورشید،منیم فاروق اور بسما فاروق نے’ری کونٹرس‘ کے بینئر تلے دستاویزی فلم تیار کی اور سماجی ویب سائٹ یو ٹیوب پر اپ لوڑ کیا۔ دستاویزی فلم کو قلیل مدت کے دوران قریب10لاکھ لوگوں نے دیکھ لیاہے۔ دستاویزی فلم میں وادی میں محاصرے اور اس دوران لوگوں کی طرف سے بقاء کیلئے جدوجہد کی عکاسی کی گئی ہے۔ فلم میں دیواروں،سڑکوں اور دیواروں کے علاوہ دکانات کے شٹروں پر لکھے گئے مزاحمتی نعروں،گرفتاریوں،شبانہ چھاپوں،میڈیا اور انٹرنیٹ پر پابندی،اسکولوں کے مقفل رہنے،ہڑتال،بندشوں کی وجہ سے لوگوں کو پیش آرہی دشواریوں،فورسز و پولیس کے گشتوں اور شہر کی تنگ و تاریک گلیوں میں نوجوانوں کے قید رہنے کی داستان کو بیان کیا گیا ہے۔ طلاب کی طرف سے تیار کی گئی دستاویزی فلم میں پیلٹ کے قہر،اسپتالوں میں زخمیوں کی انتہا،فورسز اور پولیس کی طرف سے مبینہ توڑ پھوڑ، لوگوں کے اتحاد و اتفاق، بیت المال کمیٹیوں کی طرف سے متاثرین کی امداد،جامع مسجد سرینگر میں نماز پر پابندی اور مسلسل محاصرے، کیمونٹی اسکولوں،تشدد آمیز وارداتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔18منٹ کی اس فلم میں حریت(ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق، معروف معالج و سیول سوسائٹی کارکن ڈاکٹر الطاف،انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر جاوید مجتبیٰ گیلانی،معروف قلم کار ظریف احمد ظریف،ایڈوکیٹ اعجاز احمد ڈار سمیت متاثرہ کنبوں اور تاجروں و عام لوگوں کے تاثرات بھی شامل کئے گئے ہیں۔ دستاویزی فلم کو تیار کرنے والے طلاب کے گروپ میں شامل سحر اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وادی میں لگاتار4ماہ تک کے حالات،کشمیریوں کی جدوجہد اور مزاحمت،اتحاد و اتفاق،صبر اور ایثارکو دیکھ کردیگر طالبات کے ہمراہ انہوں نے اس ساری صورتحال کی عکس بندی کر کے دستاویزی فلم تیار کرنے کا فیصلہ کیا،تاکہ دنیا کو کشمیر کی اصل صورتحال اور حقیقت سے متعلق آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جاریہ ایجی ٹیشن کے دوران ہر ایک طبقے نے اپنا رول ادا کیا اور طلاب ہونے کے ناطے انہوں نے بھی اپنا حق ادا کیا۔سحر کا کہنا تھا کہ تمام5طلاب نے اس دستاویزی فلم کو میعاری طریقے سے تیار کرنے کیلئے یکساں عرق ریزی کی۔