سرینگر//جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخص کیلئے 29ہزار 664ٹیسٹ کئے گئے جن میں 15سفر کرنے والوں سمیت مزید 17افراد مثبت قرار دئے گئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 737ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 18ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر سے 17افراد متاثر ہوئے جن میں جموں میں 2جبکہ کشمیر میں15افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر صوبے کے6اضلاع جن میں کپوارہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ، کولگام ، شوپیان اور گاندربل میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 15افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے سبھی 15افراد بیرون ریاستوں سے سفر کرکے لوٹے ہیں۔ کشمیر کے 15متاثرین میں سرینگر میں سب سے زیادہ 12، بارہمولہ میں ایک، بڈگام میں ایک اور پلوامہ میں ایک متاثر ہوا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار479ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 31ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2324بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھم پور، راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع جموں میں صرف 2افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 258 ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 17ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔