سمت بھارگو
مینڈھر // انسانیت کی سب سے بڑی آزمائش اْس وقت دیکھنے کو ملی جب 55 سالہ ثریا کوثر کو 43 سال بعدپاکستان واپس بھیجا گیا۔ ثریا جو 1982 میں اپنی والدہ کے ساتھ ہندوستان آئی تھیں، نے مینڈھر کے گاؤں گوہلد میں آباد ہو کر ایک نئی زندگی کی شروعات کی تھی۔ وہ عابد حسین شاہ کی اہلیہ ہیں اور تین بیٹوں اور ایک بیٹی کی ماں ہیں۔مرکزی حکومت کی ہدایات پر جب حکام نے ثریا کو فہرست میں شامل کر کے ملک بدری کا فیصلہ کیا، تو گوہلد گاؤں میں جذبات کا ایک سمندر امڈ آیا۔ سینکڑوں لوگ عابد حسین شاہ کے گھر جمع ہو گئے تاکہ ثریا کو آخری بار الوداع کہہ سکیں۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور فضا میں رنج و غم کی گھٹن چھائی ہوئی تھی۔ ثریا ،جو رو رہی تھیں، نے جاتے وقت کہا’’میں اپنی ساری دنیا یہیں چھوڑ کر جا رہی ہوں، اگر کبھی کسی کا دل دکھایا ہو تو معاف کر دینا‘‘۔ان کے یہ الفاظ گاؤں والوں کے دل چیر گئے۔ وہ صرف اپنے گھر سے نہیں بلکہ اپنی زندگی سے رخصت ہو رہی تھیں۔سب سے دردناک پہلو یہ ہے کہ سوریہ کا پاکستان میں کوئی بھی قریبی رشتہ دار موجود نہیں۔ انہوں نے خود بتایا کہ ان کے خاندان کا کوئی فرد اب پاکستان میں نہیں ہے، اور ان کے لئے وہاں ایک نئی اور اجنبی زندگی کا آغاز انتہائی کٹھن ہو گا۔یہ واقعہ ان سینکڑوں پاکستانی نژاد افراد کی نمائندگی کرتا ہے جو دہائیوں سے بھارت میں آباد تھے، مگر قانونی شہریت نہ ہونے کے باعث ملک بدری کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ ثریا کوثر کی کہانی صرف ایک خاتون کی واپسی کی نہیں، بلکہ ایک مکمل خاندان کی بکھرتی زندگی کی کہانی ہے، جو سیاسی فیصلوں کی قیمت چکا رہا ہے۔مقامی افراد اور سماجی کارکنان نے اس عمل پر شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایسے معاملات میں نرمی برتے اور خاندانوں کو ٹوٹنے سے بچائے۔