خالد جاوید
شوپیان//جامعہ سراج العلوم ہیلو امام صاحب شوپیان میں23واں سالانہ دن نہایت احترام کے ساتھ منایاگیا جس دوران 42حفاظ کی دستار بندی کی گئی۔ اس کے علاوہ عالمیت اور فاضلیت کے فارغ شدہ طلبا کو ڈگریاں اور شعبہ تحفیظ ا لقرآن کے سبھی اساتذہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ایک جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پروگرام میں طلبا نے قرات ،نعت خوانی اورترانہ سراج العلوم پیش کرتے ہوئے سامعین کا دل موہ لیا۔جامعہ کے ناظم اعلیٰ محمد یوسف ماتو نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ ہمارے طلبا کا یہ کارنامہ نہ صرف ادارے بلکہ پورے علاقے کیلئے باعث فخر ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ’ علم دین کی خدمت کرنے والے یہ طلبا ہماری نسلوں کیلئے روشنی کے مینار ہیں‘‘۔انہوں نے ان والدین کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اپنے لخت جگروں کو ادارے کے سپرد کرکے جامعہ کی انتظامیہ پر بھروسہ کیا اور نتیجہ یہ ہی کہ آج 42 حفاظ کرام کی دستار بندی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ پیر گلہ صاحب شوپیانی نے یہ زمین اسلئے وقف کی تھی تاکہ ایک عظیم الشان ادارہ قائم ہو جہاں دینی اور دنیاوی علوم دئے جائیںاور ادارہ پیر گلہ صاحب کے خواب کو شرمندئہ تعبیر کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ کے مختلف شعبوں بشمول عصری اسکول ،کالج اور شعبہ تحفیظ القرن میں تقریباً 900طلاب زیر تعلیم ہیں جو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی اور سائنسی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول ہذامیں داخل کرائیں تاکہ وہ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ عالمیت اور فاضلیت کی ڈگریاں بالکل مفت حاصل کرسکیں۔
تلگام کی طالبہ نے 18مہینوں میں قرآن پاک حفظ کر لیا
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نئی چنار کالونی تلگام کی 15 سالہ طالبہ تابندہ پرویز نے صرف 18 مہینوں کی قلیل مدت میں قرآن پاک حفظ کرلیا۔تابندہ پرویز نے اپنی دینی تعلیم مدرسہ رابعہ بصریہ زسپورہ ٹنگمرگ سے حاصل کی جہاں انہوں نے انتھک محنت اور لگن کے ساتھ قرآن مجید کو حفظ کیا۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر مقامی لوگوں، رشتہ داروں اور اساتذہ نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تابندہ پرویز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔