سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں 4گلیاروں والی سرینگر ۔سونہ مرگ گمری شاہراہ کے سلسلے میں اراضی کی حصولیابی اور کام کے پیش رفت میں حائل رکاﺅٹوں کو دور کرنے کے سلسلے میں اقدامات کاجائزہ لیا۔ایڈیشنل کمشنر کشمیر ،ڈپٹی کمشنر گاندربل،چیف انجینئر بیکن ،سی ای او سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ،کمانڈنگ آفیسر جی آر ای ایف ،کلکٹر لینڈ ایکویزیشن گاندربل ،ڈیفنس اسٹیٹ آفیسر اور چیف انجینئر ایچ آئی ایم اے این کے ،کے علاوہ دیگر آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے جب کہ ڈپٹی کمشنرکرگل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ56دیہات میں 1859.06کنال اراضی اس پروجیکٹ کے تحت آتی ہے۔یہ شاہراہ ضلع سرینگر سے گاندربل سے ہوتے ہوئے گمری تک تعمیر کی جا رہی ہے۔ حصول اراضی معاملات کے سلسلے میں صوبائی کمشنر نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زوردیا کہ وہ اراضی کے حصول کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ معاملات کے جلد نپٹارے اورپروجیکٹ میں حائل رکاﺅٹوں کو دور کرنے کرنے کے سلسلے میں ایک ہفتے کے اندراندر اقدامات کریں ۔صوبائی کمشنر نے شاہراہ کے تحت آنے والے علاقوں میں ناجائز تعمیرات وتجاوزات کو فوری طور ہٹانے پر بھی زوردیا تاکہ اس اہم پروجیکٹ پر فوری طور پر کام شروع کیا جاسکے۔