کنگن/ / چار ماہ کے بعد شہرہ آفاق سیاحتی مقام سونہ مرگ کو ہلکی گاڑیوں کی آمدرفت کیلئے کھول دیا گیا جس کے ساتھ ہی بدھوارکو گگن گیر سے سینکڑوں چھوٹی گاڑیوں جن میں ملکی اور غیر ملکی سیاح سوار تھے کو سونہ مرگ کی طرف روانہ کیا گیا ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق سونہ مرگ کو بھاری برف باری کے بعد گذشتہ سال دسمبر میں آمد رفت کیلئے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد گگن گیر سونہ مرگ کا رابطہ چار ماہ تک منقطع ہوگیا اور سونہ مرگ کی طرف آنے والے سیاحوں کو سونہ مرگ سے پہلے ہی گیارہ کلو میٹر گگن گیر سے ہی مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑتا تھا ۔نمائندے کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے سے موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی سونہ مرگ کی طرف آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی غیر معمولی تعداد کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے بدھ کو گگن گیر سے سونہ مرگ کی طرف سینکڑوں ہلکی گاڑیوں جن میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے علاوہ سیاحتی طبقے سے وابستہ لوگوں کی کافی تعداد تھی کو روانہ کیا گیا اور بدھ کو سونہ مرگ میں کافی چہل پہل دیکھنے کو ملی اور سیاح دن بھر سلیج گاڑیوں پر سوار ہوکر برف کا لطف اُٹھا نے میں مصروف تھے ۔ وینود کمار نامی سیاح نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سونہ مرگ کی خوبصورتی دیکھ کر کافی متاثر ہوا اور وہ ہر سال یہاں کی خوبصورتی کا نظارہ دیکھنے آتے ہیں ۔ اس دوران سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی میں کام کررہے کیجول لیبر گذشتہ پانچ دنوں سے اتھارٹی کی عمارتوں سے برف ہٹاتے تھے تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی بھی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی شبیر احمد رینہ ، نائب تحصیلدار گنڈ محمد یوسف لون کے علاوہ سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے جوسیاحوں کی سہولیات کا جائزہ لے رہے تھے ۔اس دوران سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے امسال پالتھین کے علاوہ کرکرے ، پنجابی تڑکا ، ٹیڈی میڈی ،پر مکمل طور پابندی عائد کی ہے ۔ جس کے ساتھ ہی اتھارٹی کی طرف سے قائم کیا گیا شتکڑی پر ٹول پوست پر تعینات کئے گئے کیجول ملازمین جن کی قیادت کیجول لیبر یونین کے صدر مشتاق احمد لون کررہے تھے نے تین پیٹیاں ضبط کیں ۔اتھارٹی کے افسران کا کہنا ہے کہ سونہ مرگ کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے ۔