سرینگر//شمالی زون ثقافتی مرکز ، پٹیالہ (وزارت ثقافت، حکومت ہند)نے 4 روزہ کشمیری ڈراموں کے فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ فیسٹیول کا نام ’’کشمیر ناٹیہ مہوتسو تھا‘‘جو ایس پی کالج سرینگر کے تعاون سے منعقد ہوا۔ فیسٹیول کا افتتاح 28مارچ کو کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شیخ جاوید اور ایس پی کالج کے پرنسپل پروفیسر منظور احمد لون نے کیا۔ اور 31مارچ کو اختتامی تقریب ایس پی کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ چار روزہ فیسٹیول میں کل 9ڈرامے پیش کئے گئے ۔ حاضرین نے فیسٹیول میں کافی دلچسپی دکھائی اور پورے 4دن آڈیٹوریم طالب علموں اور تھیٹر شائقین سے کچھاکھچ بھرا رہا۔ حاضرین نے تقریباً تمام ڈراموں (کھیلوں) کی تعریف کی۔ انہوں نے NZCC کی طرف سے کئے جانے والی پہل کی بھر پور سراہنا کی اور وادی میں اس طرح کے مزید فیسٹیول منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل سیکریٹری ہائر ایجوکیشن اصغر سامون تھے ۔ انہوں نے NZCC اور اس کے نئے ڈائریکٹر پروفیسر سوبھگیہ وردھن کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے فیسٹیول ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان کی محنت اور کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مشتاق علی پر زوردیا کہ وہ کشمیر کے مختلف کالجوں کے طالب علموں کوتھیٹر کے میدان میں تربیت کریں۔مہمان ذی وقار ناظم اطلاعات منیر الاسلام نے کہا کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے اقدامات کو تعاون فراہم کرینگے۔ مشتاق علی احمد خان نے ایسی سرگرمیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے NZCC کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مختصر وقت میں دو تھیٹر فیسٹیول کے انعقاد کرنے پر سراہنا کی۔ جس میں ایک نیشنل تھیٹر فیسٹیول تھا (جس میں 3 ہندی ڈرامے،جو دلی، بہار اور چندی گڑ کے تھیٹر گروپوں نے پیش کئے ۔24سے 26مارچ تک اور دوسرا موجودہ کشمیر ناٹیہ مہوتسو (جس میں 9کشمیری کھیل (ڈرامے) صرف چار دنوں میں پیش کئے گئے) مشتاق علی نے NZCC کے ڈائریکٹر پروفیسر سوبھگیہ وردھن کی تعریف میں کہا کہ انہیں ابھی اس عہدے پر فائز ہوئے دو مہینے بھی گزرے ہیں اور انہوں نے وادی میں ایسے پروگراموں کو باقاعدگی سے کرانے میں اتنی دلچسپی دکھائی۔