سرینگر// ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر شہر کیلئے AMRUT سکیم کے تحت16پروجیکٹوں کیلئے 234 کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں 4پروجیکٹوں پر کام شروع ہوا ہے۔جبکہ سمارٹ سٹی کیلئے 3600 کروڑ روپے کے منصوبے کو مرکز کی منظوری کیلئے بھیجا جارہا ہے جس کے تحت شہر کی ترقی کے 101 منصوبوںکو ہاتھ میں لیا جائے گا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ میں اور چیزوں کے علاوہ پرانے شہر میں118ایکٹر اراضی کی ترقی کا منصوبہ ہے ۔اس منصوبے کے تحت دریائے جہلم کے کناروں اور اس کے ملحقہ بازاروں کو پررونق بنانے ،200تاریخی عمارتوںکا تحفظ اور شہر میں نقل و حمل کو بہتر بنانے کیلئے راستوں کی ترقی شامل ہے ۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے آفیسروں پر زور دیا کہ وہ کام میں سرعت لائیں اور معینہ مدت میں پروجیکٹوں کی تکمیل ممکن بنائیں ۔محبوبہ مفتی نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ شہری آبادی کورہایش کیلئے فلیٹ طرز کی رہایش گاہوں کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لیں تاکہ انہیں دور دراز علاقوں میں منتقل نہ ہونا پڑے ،نیز عوام کی رہایشی ضرورریات بھی پوری ہوں ۔شہر کے تمدنی ورثے کی اہمیت جتلاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر سرینگر میں نادر فن پاروں کا ایک خزانہ عدم توجہی کا شکار ہے ۔انہوں نے اس مقامی تمدنی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ایکرٹ گیلری کے قیام کے امکانات تلاش کرنے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے سری پرتاپ میوزیم کا کام فوری بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی ۔ تعمیرات عامہ کے صیغے کے حوالے سے میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں فی الوقت 6زیر تعمیر پل تکمیل کے قریب ہیں اور سال کے آخیر تک ان کے مکمل ہونے کی پختہ امید ہے ۔مزید برآں شہر سرینگر کیلئے 1861کروڑ روپے کے نیم دائرہ سڑک (Semi Ring Road) کے سلسلے میں حصول اراضی کا کام چل رہا ہے اور اس پر سال کے آخر تک کام شروع ہونے کی توقع ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ صحت شعبے کے تحت گرمائی دارالخلافہ میں 9بڑے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ان میںبمنہ میں قائم کئے جارہے 500بستروں والے بچوں کے ہسپتال اور عالمی بنک کے معاونت والے لل دید ہسپتال کے 250بستروں والے اضافی بلاک کے علاوہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میںسات کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے جانے والاامراض چشم کے جدید یونٹ کا قیام بھی شامل ہے۔میٹنگ میں یہ بھی بتا یا گیا کہ اچھن میں 90کروڑ روپے کی لاگت سے ٹھوس کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے (سالڈ ویسٹ منیجمنٹ )پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔