عظمیٰ نیوز سروس
بانڈی پورہ//ڈائریکٹر ماہی پالن محمد فاروق ڈار نے اتوار کو دریائے کشن گنگا میں متاثر کن 5,000 ٹراؤٹ فنگرلنگز کا ذخیرہ شروع کیا جس کا مقصد دیرپا ماہی گیری کو فروغ دے کر مقامی معیشت کو تقویت دینا اور ضلع کے گریز سب ڈویژن میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔اُنہوں نے داور گریز میں ایک سروے کم اِنسپکشن ہٹ کا بھی اِفتتاح کیا جو کہ 36.52 لاکھ کی تخمینہ لاگت سے قائم کیا گیا ہے جو بنیادی ڈھانے میں نمایاں سرمایہ کاری کی نشاندہی کرتا ہے۔مزید برآں، این ایچ پی سی گرانٹس کی مدد سے اِس اَقدام کے ایک حصے کے طور پر وانپورہ گریز میں ٹراؤٹ یونٹ میں دو جوڑے امریکن ریس ویز متعارف کئے گئے۔یہ منصوبہ 16.32 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہوا۔ امریکی قسم کے ریس ویز کے مزید دو جوڑے شامل کرنے سے اس یونٹ کی پیداواری صلاحیت 4 ٹن سے 8 ٹن تک دوگنی ہو جائے گی۔اِس موقعہ پرڈائریکٹر ماہی پالن نے مقامی معیشت کو فروغ دینے اور گریز کے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے نہ صرف وادی کشمیر بلکہ پورے جموں و کشمیر میں ٹراؤٹ کلچر کوفروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ٹراؤٹ کلچر کو فروغ دینے والے اَقدامات کی سپوٹ کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے جس کے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔