جموں//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے کل ایوان میں بتایا کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں 35 فروٹ منڈیاں اور 3 فروٹ ٹرمنل پر تعمیراتی کام جاری ہے ۔ رُکنِ قانون سازیہ شاہ محمد تانترے کے سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت پونچھ میں ایک فروٹ اور سبزی مارکیٹ کو 7 کروڑ روپے کی لاگت سے 26 کنال اراضی پر تعمیر کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2017 تک 92 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔ جبکہ موجودہ مالی سال کے دوران 36 لاکھ روپے کی واگذاری کی گئی ہے تا کہ ایڈمنسٹریٹو بلاک اور آکشن شیڈ کی تعمیر مکمل کی جا سکے ۔ وزیر نے کہا کہ سال 2016-17 اور سال 2017-18 کے دوران حلقہ انتخاب حویلی میں مختلف سکیموں پر 1.18 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔ الطاف احمد ، بشیر احمد ڈار ، عبدالمجید لارمی ، عبدالرحیم راتھر اور عبدالمجید پڈر نے بنیادی سوال سے جُڑے ضمنات پوچھے ۔