عظمیٰ نیوز سروس
جموں //کرائم برانچ جموں نے 35لاکھ کا ’کٹی پارٹی فراڈ ‘کے سلسلہ میں 396 صفحات پر مشتمل ایک چارج شیٹ تیار کر کے دائر کر دی ۔کرائم برانچ کے پاس اس سلسلہ میں درج ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 18/2015 کے تحت ملزم پنکی گپتا عرف سروج گپتا زوجہ شیو پرتاپ گپتا اور شیو پرتاپ گپتا ولد تلک راج گپتا سکنہ گرین انکلیو نزدیک بورڈ آف سکول ایجوکیشن ریہڑی کالونی جموں اور موجودہ کڈسن، گجرات اس فراڈ کیس میں ملوث پائے گئے ۔چارج شیٹ میں مجرمانہ سازش رچنے ،دھوکہ دہی اور شکایت کنندہ کو دھوکہ دینے کے الزامات کے بعد تحقیقات کر کے دائر کی گئی ہے ۔چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران ثابت ہوا دونوں ملزمان معززشہریوں کو ان کی محنت کی کمائی جمع کرانے کا لالچ دے کرکٹی پارٹیوں کی آڑ میں بھاری سود ادا کرنے کے وعدے کے ساتھ پیسے بٹور رہے تھے۔اس سلسلہ میں ایک تحریری شکایت نیلم ملہوترہ زوجہ کے کے ملہوترا سکنہ تالاب یلو جموں کی جانب سے کرائم برانچ جموں میں درج کروائی گئی تھی ۔اس شکایت میں الزام عائد کیاگیا کہ پنکی گپتا عرف سروج گپتازوجہ شیو پرتاپ گپتا اور شیو پرتاپ گپتا زوجہ تلک راج گپتا اور بھاسکر گپتا ولد شیو پرتاپ گپتا سکنہ گرین انکلیو، نزد یک جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن، ریہڑی کالونی، جموں نے انہیں اوردوسرے معصوم لوگوں کیساتھ دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے بھارے منافع کے عوض بھاری رقم لے کر فرار ہو گئے ہیں ۔اس شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ اس کنبہ کے لوگوں نے مجموعی طورپر 35لاکھ روپے کا لوگوں کو چونا لگایا ۔شکایت ملنے پر ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔کرائم برانچ ہیڈ کوارٹر کی منظوری سے مجرموں کیخلاف ابتدائی تحقیقات میں مذکورہ الزامات میں سچائی نظر آنے کے بعد اس انکوائر ی کو مزید وسیع کیاگیا ۔الزامات کی تصدیق کے بعد کرائم برانچ نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی جس کے بعد مذکورہ چارج شیٹ تیار کر کے دائر کر دی گئی ۔