عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس پر الزام لگایا کہ وہ آرٹیکل 370کا استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کو 6 سال کی مدت کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔مرکزی وزیر نے کہاکہ تقریباً 50سال کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی میعاد چھ سال کی بجائے پانچ سال کی ہوگی۔ سابقہ حکمرانوں نے آرٹیکل 370کا بہانہ بنا کر اسمبلی کی مدت چھ سال تک برقرار رکھی۔ جب اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے 1975میں ایمرجنسی کے دوران ایک ترمیم متعارف کرائی اور اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کی مدت چھ سال تک بڑھا دی۔ کانگریس کی حمایت سے جموں و کشمیر میں حکومت کرنے والی این سی نے بغیر سوچے سمجھے قرارداد کو منظور کرلیا۔انکاکہناتھا’’تاہم، جب جنتا پارٹی کی حکومت نے تین سال بعد اس ترمیم کو منسوخ کر دیا، تو این سی-کانگریس حکومت نے چھ سالہ حکومت کو جاری رکھنے کے لیے آرٹیکل 370کا استعمال کیا۔ اس طرح سیاسی خاندان اپنے مفاد کے لیے آرٹیکل 370کا غلط استعمال کر رہے تھے۔ عوام کو کوئی فائدہ نہیں‘‘۔مرکزی وزیر تریکوٹہ نگر پولنگ اسٹیشن پر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ وزیر کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی تھے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات میں لوگوں کی پرجوش شرکت وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کی کامیابی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جمہوریت کی ’’حقیقی مرکزی دھارے‘‘ کی عکاسی کرتی ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ پہلا الیکشن ہے، جب پاکستان سے ہڑتال کی کال نہیں آئی تھی، 8-10 فیصد ووٹنگ نہیں ہوئی تھی جیسا کہ پہلے ہوتا تھا… پاکستان سے آنے والے پناہ گزینوں کا کانگریس کے تئیں بہت اچھا رویہ نہیں تھا، انہوں نے تقسیم کا ذمہ دار کانگریس کو ٹھہرایا، تقسیم سب سے بڑا اسقاط حمل تھا، انہوں نے اسے نہرو اور جناح کی ذاتی عزائم قرار دیا۔انہوں نے پچھلی حکومتوں، خاص طور پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر مغربی پاکستانی مہاجرین، والمیکی سماج اور گورکھا برادری کو ان کی “شہریت اور ووٹنگ کے حقوق” سے محروم کر کے آرٹیکل 370 کا غلط استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا۔سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ لوگ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لئے باہر آ رہے ہیں۔ “آپ کو اس بات کی تعریف کرنی چاہئے کہ یہ جموں و کشمیر میں پچھلے 35 سالوں میں پہلا الیکشن ہے جہاں ہڑتال کی کال نہیں ہے۔پاکستان، علیحدگی پسندوں کی طرف سے کوئی بائیکاٹ مہم نہیں چلائی گئی، کوئی علیحدگی پسند نعرہ نہیں… یہی وجہ ہے کہ میں اس الیکشن کو جمہوریت کی حقیقی دھارے میں لانے کے طور پر کہہ رہا ہوں‘‘۔انہوںنے کہا’’یہ ایک بار پھر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس (آرٹیکل 370) کا غلط استعمال کیا گیا اور ان کے ساتھ زیادتی کی گئی جو اس کے پرزور حمایتی تھے، یہاں تک کہ اس نے کبھی بھی عام آدمی کی مدد نہیں کی – چاہے جموں میں ہو یا سری نگر میں۔ سری نگر کے لوگوں نے اپنے دلوں میں اس کی منسوخی کو بھی منظور کیا‘‘۔