سرینگر//کانگریس کے سینئر لیڈر طاریق حمید قرہ نے آرٹیکل 35اے کے معاملے پرسابق ریاستی گور نر جگ موہن کے مطالبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھرمیں جان بوجھ کر جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن مخالف صورتحال پیدا کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تازہ سیمینار کا انعقاد اور دستاویزی فلم کی نمائش اسکی ایک کڑی ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر طاریق حمید قرہ نے سابق ریاستی گور نر جگ موہن سنگھ کے اُس بیان جس میں انہوں نے آرٹیکل35اے کی منسوخی کی مانگ کی تھی ،کو یکسر مسترد کردیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن مخالف صورتحال پیدا کی جارہی ہے ۔ ایک بیان میں طارق حمید قرہ نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی سیاسی مفادات کی خاطر ریاستی عوام اور ملک کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے ایکساتھ کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں دفعہ370کو ایک ہتھیار کے بطور استعمال کررہی ہیں ،تاکہ وہ زعفرانی منصوبوں کے خاکوں میں رنگ بھر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا اور آر ایس ایس گجرات اور دیگر ریاستوں میں انتخابی منڈیٹ حاصل کرنے کیلئے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مسئلہ کشمیر کا استعمال کررہی ہے جبکہ سابق ریاستی گور نر جگ موہن کا ’گیم پلان‘ کا ایک حصہ ہے ۔ سابق ریاستی وزیر طاریق حمید قرہ نے کہا کہ جگ موہن کو ہمیشہ جموں وکشمیر میں بد انتظامیہ اور بد قسمتی کیلئے یاد رکھا جائیگا ۔انہوںنے کہا کہ جگ موہن آرٹیکل35اے کے حوالے سے پہلے سے جانتے تھے ،لیکن جب وہ ریاستی گور نر تھے ،تب انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا؟۔طاریق حمید قرہ نے الزام عائد کیا کہ سابق گور نر آر ایس ایس اور بی جے پی کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں اور موصوف کا آرٹیکل35اے کے معاملے پر بیان عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ۔