راجوری //راجوری کی مختلف مسلم تنظیموں نے دفعہ 35اے اور تین طلاق معاملات پر انتیس اگست کو راجوری بند کی کال دی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ یہ فیصلہ مسلم تنظیموں کی طرف سے متفقہ طور پر لیاگیا اور اس کا اعلان باضابطہ طور پر نماز جمعہ کے دوران مساجد سے بھی کیاگیا ۔ذرائع نے بتایاکہ یہ واضح کیاگیاکہ اگر ریاست کے خصوصی تشخص کے ساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوںگے ۔ مسلم تنظیموں نے تین طلاق کے معاملے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مذہبی معاملات میں مداخلت کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انجمن علمائے اہل سنت راجوری کے ضلع صدر مولانا محمد فاروق نقشبندی نے کہاکہ مسلم تنظیموں نے اس بات کافیصلہ لیاہے کہ انتیس اگست کو بند رکھاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ وہ پرامن طور پر بند رکھیںگے اور پرامن طور پر احتجاج بھی کریںگے ۔