یو این آئی
نئی دہلی//مسلح افواج کی فائر پاور کو بڑھانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ہندوستان نے امریکہ سے 31پریڈیٹر ایم کیو ۔ 9 بی ڈرون کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ماہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران صدر جو بائیڈن کے ساتھ اس سودے کی خریداری کے بارے میں بات کی تھی۔ اس دورے کے ایک ماہ کے اندر اس معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔وزارت دفاع نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزارت دفاع نے امریکی حکومت کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور یہ ڈرون تینوں مسلح افواج کے لیے خریدے جا رہے ہیں۔وزارت کے مطابق یہاں ایک تقریب میں اس خریداری کے معاہدے پر دستخط کرنے کے دوران محکمہ دفاع کے سکریٹری گریدھر ارمانے بھی موجود تھے۔اس موقع پر ہندوستان میں ان ڈرونز کی لاجسٹکس، مرمت اور دیکھ بھال کے لیے اٹامک گلوبل انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ذرائع کے مطابق ہندوستانی بحریہ کو 15 پریڈیٹر ڈرون ملیں گے جبکہ ایئر فورس اور آرمی کو آٹھ، آٹھ پریڈیٹر ڈرون ملیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق اس معاہدے کی مالیت ساڑھے تین ارب ڈالر ہے۔