سرینگر// شہری ہلاکت کے خلاف جنوبی ضلع اسلام آباد(اننت ناگ) کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال رہی، تاہم سرینگر جموں شاہرہ پر ٹریفک کی آمدرفت جاری رہی۔ بجبہاڑہ میں فوج کی فائرنگ سے پیر کو زخمی ہونے والا 6بچوں کا والد محمد عبداللہ گنائی ساکن حسن پورہ باغ کو بدھ کو اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کے بیچ سپرد خاک کیا گیا۔رات بھر علاقے میں نعرہ بازی ہوتی رہی جبکہ مساجد میں ترانے بھی بجائے گئے۔اس موقعہ پر انکے آخری سفر میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ حاجی محمد عبداللہ گنائی کی نماز جنازہ انکے سب سے چھوٹے فرزند جن کی عمر15سال ہے،نے پڑھائی۔ محمد عبداللہ گنائی6بچوں کا والد تھا،جن میں3 فرزند اور3دختر شامل ہیں،جبکہ انکی ایک دختر کی شادی ہوئی ہے۔اس دوران اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں شہری اور تین جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف بدھ کو مکمل ہڑتال رہی جس کی وجہ سے بازار مکمل طور پر بند رہین جبکہ غیر سرکاری ادارے بھی مقفل رہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے آرونی،بجبہاڑہ اور کوکر ناگ میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر دفاتر میں میں ملازمین کی حاضری بہت کم رہی۔اسلام آباد(اننت ناگ) ناگ ضلع میں بدستور دوسرے روز بھی 3Gاور4Gموبائیل انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سہولیات معطل رہیں، البتہ کچھ ایک جگہوں پر2Gخدمات جاری ہیں۔