سرینگر// حکومت نے مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر میں سیول انتظامیہ اور پولیس میں پھیر بدل کرکے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائیں جبکہ کئی افسران کو اضافی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔ ڈی آئی جی شمالی کشمیر کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل وسطی کشمیر تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت نے پولیس میں 3آئی پی ایس افسران کے بھی تبادلے عمل میں لائے ۔ پرنسپل سیکریٹری داخلہ شالین کابرا کی طرف سے منگل کو جاری آرڈر میں کہا گیا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس وسطی کشمیر امیت کمار کے مرکز میں ڈپیوٹشن پر روانہ ہونے کے بعد یہ تبادلے عمل میں لائے گئے۔ حکم نامہ کے مطابق اپنی تقرری کے منتظر آئی پی ایس افسر سنیل گپتا کو ڈوڈہ،کشتواڑ،رام بن رینج کیلئے ڈی آئی جی تعینات کیا گیا جبکہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل شمالی کشمیر سجیت کمار کو وسطی کشمیر کیلئے ڈی آئی جی تعینات کیا گیا ہے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی ڈوڈہ،کشتواڑ،رام بن رینج ادھیا بھاسکر بھلہ کو تبدیل کرکے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شمالی کشمیربنایا گیا۔ایک اورسرکاری حکم نامہ کے مطابق ہنڈ لومز کی جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر نرگس ثریا کو تبدیل کرکے ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی دودھ پتھری کے چیف ایگزیکٹو افسر کے طور پر تعینات کیا گیا، اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بڈگام ناصر احمد لون کو اضافی چارج سے فارغ کیا گیا۔ آرڈر کے مطابق ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی ٹورزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی ولر،مانسبل کے چیف ایگزیکٹو افسر کا اضافی چارج تفویض کیا گیا۔ جوائنٹ ڈائریکٹر تعلیم(ساوتھ) کشمیر ہیڈ کوارٹر بلال خورشید کو تبدیل کرکے ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں دستیاب جگہ پر چیف ایگزیکٹیو افسر تعینات کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ گلزار احمد بٹ کو اپنی ذمہ داریوں کیلئے مزید احکامات تک جوائنٹ ڈائریکٹر تعلیم(ساوتھ) کشمیر ہیڈکوارٹر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پنچایت ادھمپور نودیپ وزیر کو تبدیل کرکے ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھدرواہ میں چیف ایگزیکٹو افسر کے عہدے پر فائز کیا گیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ راکیش کمار کو اضافی ذمہ داریوں سے فارغ کیا گیا۔عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیودی کی جانب سے منگل کو جاری ایک اور حکم نامہ کے مطابق صوبائی کمشنر جموں کے ساتھ منسلک اسسٹنٹ کمشنر(سنٹرل) کلبوشن کھجوریہ کو تبدیل کیا گیا اور انہیں مزید تقرری کیلئے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں منتظر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے