سرینگر //شہر سرینگر میں آنے والے دنوں میں شہر کے متعدد علاقوں میں کثیر منزلہ 20نئی کار پارکنگ عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ادھرسرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پریس کالونی کے متصل اولڈ سٹیٹ موٹر گیراج میں زیر تعمیر کار پارکنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اگلے ہفتے اس کو عوام کے نام وقف کیا جائے گا جبکہ شیخ باغ کارپارکنگ کی تعمیر میں ابھی بھی تین ماہ کا وقت درکار ہے ۔ شہر میں گاڑیوں کی تعداد کے بڑھنے کے ساتھ ہی یہاں گاڑیوں کو پارک کرنے کےلئے جگہ کی کافی کمی ہے،جس کے نتیجے میں لوگ اپنی گاڑیوں کو سڑکوں کے کناروں پر کھڑا کر دیتے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک جام ہوتا ہے بلکہ راہگیروں کو بھی چلنے پھرنے میں دقتیں پیش آتی ہیں۔ اس ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے شہرسرینگر میں 20نئے چھوٹے پارکنگ زون قائم کرنے کافیصلہ کرلیاہے اور ا س سلسلے میں اس سے وابستہ تمام اداروں کو متحرک کردیا گیاہے۔حکام نے بتایا کہ سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی و میونسپل کارپوریشن کوباضابطہ طور پراحکامات صادرکر دیئے گئے ہیں ،کہ نئے پارکنگ زون قائم کرنے کی خاطر بیس ہزارمربع فٹ اراضی کی نشاندہی کی جائے ،جہاں پارکنگ زونوں کوقائم کیاجائے گا۔ سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 6 پارکنگ زونوں کوقائم کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ہرایک پارکنگ زون کےلئے 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر پریس کالونی میں3منزلہ کار پارکنگ کی تعمیر پر 26کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اور اس پارکنگ کو ایک ہفتے کے اندر اندر عوام کے نام وقف کیا جائے گا ۔حکام نے مزید بتایا کہ اس پارکنگ میں 467چھوٹی گاڑیوں کے علاوہ 130دو پہیوں والی گاڑیوں کو رکھنے کی جگہ ہوگی اور یہ 13کنال اراضی پر تعمیر کی گئی ہے ۔حکام نے شیخ باغ میں قائم چار منزلہ کارپارکنگ کودسمبر 2021کے آخری ہفتے میں مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 13کنال اراضی پر تعمیر ہو رہی اس پارکنگ میں بھی467گاڑیوں کو رکھنے کی جگہ ہے جس میں 132ٹووہیلر بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس کارپارکنگ پر 24کروڑ روپے کا خرچہ آچکا ہے ۔