بلال فرقانی
جموں// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا 6برسوں میں پہلا بجٹ سیشن3 مارچ 2025 سے شروع ہونے جارہا ہے۔ یونین ٹیریٹری کا سال 2025-26 کا پہلا بجٹ7مارچ کو پیش کیا جائے گا۔اسمبلی سیکریٹریٹ نو ٹیفکیشن کے مطابق 28 روزہ طویل بجٹ اجلاس کا آغاز 3 مارچ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب سے ہوگا۔بجٹ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پیش کریں گے، جن کے پاس وزیر خزانہ کا چارج بھی ہے۔2019 کے بعد سے جموں و کشمیر کے بجٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاتا رہا ہے کیونکہ جموں و کشمیرمیں صدر راج نافذ تھا، جو پچھلے سال اکتوبر میں ختم ہوا۔ 28 روزہ اجلاس کا آغاز 3 مارچ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب سے ہوگا، جس کے بعد 6 مارچ تک ایل جی کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث ہوگی۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ 7 مارچ کو بجٹ (سالانہ مالیاتی میزانیہ) پیش کریں گے اور 8 مارچ کو بجٹ پر عام بحث شروع ہو گی۔ 12 مارچ سے 24 مارچ تک مختلف محکموں کے مطالبات زر پیش کئے جائیں گے۔نجی ارکان کے بل اور قراردادیں 7 سے 9 اپریل تک پیش کی جائیں گی، جبکہ آخری دن 11 اپریل کو حکومت کے امورات کو انجام دیا جائے گا۔ایوان مجموعی طور پر28نشستیں ہونگیں لیکن کوئی دوہری نشست نہیں ہوگی۔ کیونکہ اس پورے مہینے میں رمضان کا مہینہ ہے۔