اشفاق سعید
سرینگر// تین دن کی درمیانی سے بھاری بارش اور گلمرگ و زوجیلا اور سونہ مرگ میں برفباری کے بعد جمعہ کو جموں و کشمیر میں موسم میں بہتری آنے لگی جبکہ وادی کے تمام بڑے اور چھوٹے دریاؤں میں پانی کی سطح کم ہونے لگی۔جہلم کے کیچمنٹ ایریاز اور دیگر ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث ان آبی ذخائر میں پانی کی سطح الرٹ کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ “موسم پہلے ہی بہتر ہونا شروع ہو گیا ہے اور اگلے 72 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کسی بھی بھاری بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔”موسم کی بہتری سے مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو آج عید منانے کے منتظر ہیں۔
سرینگر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 6.2، پہلگام 3.5 اور گلمرگ میں منفی 1 ڈگری سیلسیس تھا۔لداخ کے علاقے میں، کارگل میں 2.2 اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6 تھا۔جموں میں 15، کٹرا 13.1، بٹوٹ 6.7، بانہال 5.1 اور بھدرواہ میں 6.1 درجہ حرارت کم سے کم رہا۔ادھر کرناہ کے سادھنا ٹاپ سے پولیس نے 300 سے زیادہ پھنسے ہوئے مسافروں کو بچایا اور 60 گاڑیاں نکالیں۔ایس ایچ او کرناہ انسپکٹر مدثر احمد کی سربراہی میں پولیس نے جمعرات کی شام ریسکو آپریشن شروع کیا۔ پولیس کی بروقت اور فوری مدد نے نہ صرف شہریوں کو بچایا بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ وہ بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ گئے۔ریسکیو کیے گئے تمام افراد نے برفانی تودے کے انتباہات کے درمیان اپنی جان خطرے میں ڈال کر ان کی مدد کے لیے آنے والی پولیس کی تعریف کی۔نستہ چھن، یا سادھنا پاس، ایک پہاڑی درہ ہے جو کپوارہ ضلع کی کرناہ تحصیل کو باقی جموں و کشمیر سے ملاتا ہے۔ یہ وسیع شمس بری پہاڑی سلسلے میں واقع ہے۔ادھر جمعہ کی سہ پہر زوجیلا، سونہ مرگ، گگن گیر اور منی مرگ میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ۔دریں اثناء محکمہ آفات سماوی نے دوڈہ،کشتواڑ،پونچھ، رام بن، بارہمولہ، کپوارہ اور گاندربل میں برفانی تودوں کی وارننگ جاری کی ہے۔