جے کے این ایس
سرینگر//کئی سرکاری ملازمین نے یہ انکشاف کیاکہ جموں وکشمیر بینک نے گزشتہ محض3دنوںمیں اُن کے بینک سے لئے گئے قرضوںکی دوقسطیں کاٹی ہیں ،جسکے باعث اب کئی ملازمین کیلئے گھریلو ضروریات کو پورا کرنا مشکل بن گیاہے۔سینکڑوں سرکاری ملازمین نے مختلف مقاصد اور ضروریات کے تحت جموں وکشمیر بینک سے قرضے لئے ہیں،اور بین کی جانب سے ہرماہ کی30تاریخ کو سرکاری ملازمین کے قرضے کی قسط جمع تنخواہ سے کاٹی جاتی تھی،لیکن اس بارجموں وکشمیر بینک نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین کی جمع تنخواہوںسے صرف تین دنوںمیں 2مرتبہ بینک سے لئے گئے قرضوںکی قسطیں کاٹی ہیں ۔کئی ملازمین نے بتایاکہ 30اپریل کو اُن کی جمع تنخواہوں سے قرضوںکی مقررہ قسطیں کاٹی گئی تھیں اوراب محض تین دنوںمیں بینک نے دوسری بار بینک قرضے کی قسط کاٹ لی ہے ۔ EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے مزید بتایاکہ انہوںنے کچھ بینک شاخوں کے منیجرو ں سے بات کی تو منیجروں نے اپنے ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے بتایاکہ اُنھیں بینک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ہدایت ملی ہے اوروہ ہدایت پرعمل کرنے کے پابند ہیں ۔خان نے جے کے بینک کے اس اقدام کو ملازمین کیساتھ سراسر ناانصافی اورزیادتی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ عمرعبداللہ اور چیف سیکرٹری اتل ڈلو سے مداخلت کی اپیل کی ۔