بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں گزشتہ3برسوں کے دوران تعمیراتی سرگرمیوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال2020سے اب تک 244پلوں کو تعمیر کیا گیا نیز 39 فلائی اووروں اور21ٹنل پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ نے مرکزی زیر انتظام خطہ میں مالی سال 2020-21سے مکمل کئے گئے مرکزی معاونت اور مقامی سطح کے پروجیکٹوں کا مکمل خاکہ پیش کیا ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ اس مدت میں سڑک پروجیکٹوں میں 18ہزار717کروڑروپے کی لاگت سے7826 کاموں کو مکمل کیا گیا جبکہ قریب16ہزار807کلو میٹر سڑکوں پر میگڈم بچھایا گیا۔ سرکار کا کہنا ہے کہ3برسوں کے دوران244 پلوں کو مکمل کیا گیا اورنیشنل بینک برائے زراعت و دیہی ترقی( نبارڈ) کے قرضہ معاونت سے130اسکیموں کو پورا کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا کے تحت اس مدت میں 1101پروجیکٹوں کو4ہزار401کروڑ24لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کرکے6911کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کی گئی۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے مطابق گزشتہ3برسوں کے دوران روڑ انفراسٹریکچر فنڈ کے تحت961کروڑ24لاکھ روپے کی لاگت سے42جامع پروجیکٹوں کو مکمل کیا گیا جبکہ8ہزار513کروڑ36لاکھ روپے کی لاگت سے440.93کلو میٹروں پر مشتمل قومی شاہراہ تعمیر کی گئی۔ جموں کشمیر میں ترقیاتی محاذپر سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے حکام نے کہا ہے کہ سڑکوں کو قومی شاہراہ کے طور پر وسعت دینے کیلئے94کلو میٹر پر مشتمل سرینگر،بارہمولہ ،اوڑی سڑک اور82کلو میٹر پر مشتمل سرینگر،بانہال، قاضی گنڈ کی مرمت کے علاوہ 135کلو میٹر پر مشتمل دہلی،امرتسر،کٹرہ ایکسپریس وے اور197کلو میٹر پر مشتمل جموں،اکھنور،پونچھ سیکشن کی وسعت کا کام ہاتھ میں لیا گیا۔ حکومت نے بتایا کہ سال 2020-21سے21ٹنلوں اور39فلائی اووروں کے علاوہ26بائی پاس اور دو رنگ روڈپر کام شروع کیا گیاہے۔ اس عرصے کے دوران م8.45کلو میٹر پر مشتمل بانہال،قاضی گنڈ ٹنل کو3117کروڑ روپے سے مکمل کیا گیا جبکہ 3703کروڑ روپے کی لاگت سے سد مہادیو،درانگا ٹنل کے علاوہ10.36کلو میٹر سنگھ پورہ،وائیلوٹنل کو 4808روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔